|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2024

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ ہنر مند خواتین معاشرے اور معیشت دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں اور بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے بلوچستان کی خواتین کے لئے غیر روایتی ہنر سیکھنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وومن چیمبر آف کامرس (کوئٹہ ڈسٹرکٹ) کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد نے عالمی اور مقامی سطح پر نمائشوں میں شرکت کے لیے صوبے کی خواتین کو درپیش مشکلات، معذور خواتین کو ہنر مند بنانے،

ای کامرس کے ذریعے بلوچستان کی خواتین کو کاروبار کی تربیت اور چیمبر کو درکارفنڈز سمیت خواتین کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر آگاہ کیا۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ملکی و بین الاقوامی دستکاری نمائشوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی ان دستکاری نمائشوں میں شرکت سے ناصرف خواتین کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ انہیں اپنے ہنر کو آگے لانے کے مواقع بھی ملتے ہیں۔

بین الاقوامی دستکاری نمائشوں میں صوبے کی خواتین کی شمولیت یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ محکمہ ترقی نسواں کی بدولت تربیت حاصل کرکے صوبے میں کئی خواتین ای کامرس کے ذریعے کامیاب کاروبار چلا رہی ہیں، اور بہت جلد خواتین انٹرپرینیورز کے لیے نئے پروگرامز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر فعال سرکاری عمارتوں کو خواتین کے لیے ڈسپلے سینٹرز کے طور پر استعمال میں لانے کا منصوبہ زیر غور ہے تاکہ خواتین کو اپنے ہنر کو متعارف کرانے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔محکمہ ترقی نسواں نہ صرف اپنے دائرہ کار اور دستیاب وسائل میں خواتین کی بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے بلکہ دیگر محکموں کے ساتھ مل کر اس حوالے سے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے وفد کو یقین دلایا کہ محکمہ ترقی نسواں خواتین کی بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔