|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2024

کوئٹہ:  ناقص ، زائد المعیاد اور ملاوٹی اشیاء خوردونوش کی فروخت و سپلائی کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں تسلسل سے جاری ہیں۔

اس ضمن میں اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کوئٹہ شہر ، ڈیرہ مراد جمالی اور تربت میں 30 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔

ترجمان بی ایف اے کے مطابق جرمانہ کیے گئے مراکز میں دودھ کی دکانیں ،آر او پلانٹس ، جنرل اسٹورز ، ہوٹل ، پکوان ہاؤس ، پیزا پوائنٹس ، بیکریاں اور بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز شامل تھے۔

کاروائیوں کے دوران مصنوعی و پاؤڈر ملک سے تیار کردہ دہی ، جنرل و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز سے پکڑی گئیں مختلف زائد المعیاد خوردنی مصنوعات اور اشیاء کی تیاری میں زیر استعمال مضر صحت رنگوں کی بڑی مقدار ضبط و تلف کی گئی۔

جرمانہ کردہ متعدد مراکز کے فوڈ بزنس لائسنس بھی نہیں تھے جس پر مراکز مالکان کو لائسنس کا حصول ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنانے اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی تنبیہ کی گئی۔

دوران انسپیکشن دو آر او پلانٹس (بوٹل بند پانی کے پراسیسنگ یونٹس) سے پانی کے نمونے لیکر لیبارٹری تجزیہ کیلئے بھجوا دئیے گئے۔

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ عتیق اللہ خان کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ غیر معیاری و ملاوٹی خوراک کا خاتمہ اور صحت عامہ کا تحفظ اتھارٹی کا اولین فریضہ ، خوراک کے بہتر معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اتھارٹی کی جانب سے عوام میں مختلف چیزوں کے استعمال اور نقائص بارے شعور بھی اجاگر کیا جارہا ہے جبکہ عوام کو یہ بھی باور کروایا جارہا ہے کہ کون سی چیز ان کی صحت کیلئے اچھی ہے اور کون سی مضر صحت ، اس مقصد کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی اپنے معلوماتی پیغامات سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچارہی ہے۔