اسلام آباد : وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بلوچستان میں آئل کی صنعت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزارت تجارت کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق بلوچستان میں لائسنس یافتہ فیول اسٹیشنز کے قیام کے حوالہ سے وفاقی وزیر جام کمال خان اور آئل کمپنیوں کے نمائندوں نے اہم ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر بلوچستان کے ہر ضلع میں کم از کم دو سے تین فیول اسٹیشنز قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا جس سے کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔ جام کمال خان نے اس حوالہ سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے رابطہ کیا تو وزیراعلیٰ بلوچستان نے مکمل حکومتی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ لائسنس یافتہ فیول اسٹیشنز کی طرف بتدریج منتقلی سے صارفین اور کاروباری مالکان دونوں کو فائدہ ہوگا، لائسنس یافتہ فیول اسٹیشنز کے فریم ورک سے معیاری مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،یہ منصوبہ بلوچستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔جام کمال خان نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا
کہ بلوچستان کی ایندھن کی صنعت کا مستقبل تابناک ہے، علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ایندھن کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور کاروباری حجم میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی منصوبہ جو ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو بڑھائے وفاقی حکومت اس کو سپورٹ کرے گی، ایسے منصوبوں سے روزگار کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہوگا۔