|

وقتِ اشاعت :   September 14 – 2024

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ دھماکے سے پولیس وین کو شدید نقصان پہنچا، نیو کچلاک پولیس تھانے کا عملہ معمول کے مطابق گشت کر رہا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے زخمی اہلکار کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی، ان کا کہنا تھا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست نہیں دی جا سکتی، یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور قوم کی حمایت سے آخری دہشت گرد و سہولت کار کے خاتمے تک جاری رہے گی۔