کوئٹہ: بلوچستان چائلڈ پروٹیکشن کمیشن نے اپنے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں سیاسی احتجاج اور دھرنوں میں بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ اس عمل سے بچوں کا اس طرح استحصال ان کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ان کی سلامتی اور تحفظ کو شدید خطرات سے دوچار کرنا ہے۔ کمیشن نے ایسے غیر ذمہ دار عناصر کی جانب سے کیے جانے والے منظم اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ استحصال بچوں کے تحفظ اور سلامتی کے حق کو کمزور کرتا ہے، جو قومی قوانین میں درج ہے اور بچوں کے حقوق پر اقوام متحدہ کے کنونشن کے آرٹیکل 19 میں شامل ہے۔
کمیشن نے حکومت سے سفارش کی ہے کہ وہ مجرموں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کرے اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرے، ان کی سلامتی اور بھلائیت کو یقینی بنائے۔پریس ریلیز میں کمیشن نے تمام سیاسی اور سماجی تنظیمو پر زور دیا ہے
کہ وہ کسی بھی صورت میں بچوں کو احتجاج یا ایسی سرگرمیوں میں شامل کرنے سے گریز کریں جو ان کی سلامتی اور سالمیت کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔ بچوں کے محفوظ اور بہتر ماحول کے حق کو یقینی بناتے ہوئے ہماری توجہ صرف اور صرف بچوں کی حفاظت اور پرورش پر ہونی چاہیے۔