کوئٹہ شہر صوبے کا دارالخلافہ اورسب سے بڑا شہر ہے، گزشتہ کئی برسوں سے وادی کوئٹہ بہت سے مسائل میں گرا ہوا ہے، انفراسٹرکچر سے لے کر بنیادی سہولیات تک شدید فقدان ہے، شہر کی آبادی جس تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اسی طرح سے مسائل بھی گھمبیر ہوتے جارہے ہیں۔
شہر میں پانی، سیوریج، ٹریفک کا دبائو عوام کیلئے بڑے چیلنجز ہیں۔ شہر میں پل، انڈر پاسز، لنک شاہراہیں نہ ہونا اس کی بڑی وجہ ہیں۔
زلزلہ زون ہونے کے باوجود بلند و بالا عمارتیں، شاپنگ مالز تنگ گلیوں کے اندر تعمیر کئے جارہے ہیں خدانخواستہ کوئی حادثہ رونما ہو جائے تو فائر بریگیڈ کی گاڑیاںاور ایمبولینس ان گلیوں کے اندر داخل نہیں ہوسکتیں جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ موجود ہے ۔
کوئٹہ کے خوفناک زلزلے نے شہر کو پہلے صفحہ ہستی سے مٹادیا دیا تھا مگر اس وقت آبادی اور بڑی عمارتیں موجود نہیں تھیں مگر اب صورتحال الگ ہے، بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر فوری روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ کسی طرح کی آفت خاص کر زلزلے کی صورت میں ہنگامی حالات سے بروقت نمٹا جاسکے ۔
چونکہ کوئٹہ زلزلہ زون میں واقع ہے تو اس کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات بہت ضروری ہیں۔
کیو ڈی اے نجی ہاؤسنگ اسکیموں ،گھروں اور تجارتی عمارتوں کی تعمیر میں بلڈنگ کوڈ پر عمل درآمد یقینی بنائے اور ضلعی انتظامیہ ایم سی کیو کے ساتھ ملکر کوئٹہ شہر کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی میں اپنا کردار ادا کرے اور کوئٹہ کی ترقی کے ذمہ دار اداروں میںرابطہ قائم کیا جائے، تعطل کا شکار ہونے والے کوئٹہ ماسٹر پلان کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے اور نجی شعبہ میں پرانی اور نئی ہاؤسنگ اسکیموں کو صحیح معنوں میں ریگولیٹ کیا جائے۔
کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی شہر کی ترقی کا ذمہ دار اہم ادارہ ہے لیکن بدقسمتی سے سیاسی و دیگر وجوہات کی وجہ سے ادارے کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کا نتیجہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
کوئٹہ ماسٹر پلان میں تاخیر اور ادارے کے دیگر امور میں بے قاعدگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
کیو ڈی اے اپنے ریونیو میں اضافہ کرے اور کوئٹہ شہر کی ترقی کے لیے ایسے اقدامات کرے جو عملی طور پر نظر آئیں۔
کوئٹہ شہر کو حقیقی معنوں میں ایک دارالخلافہ کی صورت دینے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں جس سے شہریوں کے دیرینہ مسائل حل ہونے کے ساتھ وادی کوئٹہ کی خوبصورتی بھی بحال ہوجائے۔
امید ہے کہ صوبائی حکومت کوئٹہ کے اہم اور سنجیدہ مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گی تاکہ عوامی مسائل میں کمی آئے ۔
کوئٹہ کے بڑھتے مسائل، ماسٹر پلان کی تکمیل وقت کی اشد ضرورت!
وقتِ اشاعت : September 16 – 2024