گوادر: گوادر پورٹ کے سیکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کر دیا گیا ہے،
جس کی افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے فیتہ کاٹ کر نئے سیکیورٹی سسٹم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین پسند خان بلیدی کی کاوشوں سے نصب کیے جانے والے پیرامیٹرک سیکیورٹی سسٹم نے پورٹ کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط اور مؤثر بنا دیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور پسند خان بلیدی نے جدید سیکیورٹی سسٹم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس نئے نظام کے تحت گوادر پورٹ میں آنے والے کاروباری حضرات، سرمایہ کار، سیاح، ملازمین اور مزدوروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ پورٹ کی حفاظت بھی مزید مؤثر ہو جائے گی۔
سسٹم کی تنصیب سے گوادر پورٹ میں داخلہ اور آمد و رفت کا نظام جدید اور منظم ہو جائے گا، جس سے پورٹ کی فعالیت میں اضافہ ہوگا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے چیئرمین پسند خان بلیدی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں گوادر پورٹ کی بہتری اور ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید سیکیورٹی سسٹم نہ صرف مقامی سرمایہ کاروں کے لیے بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی گوادر کو ایک محفوظ اور پرکشش مقام بنا دے گا۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو گوادر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ اور شہر کی ترقی میں پسند خان بلیدی کا کردار نہایت اہم رہا ہے، اور ان کی قیادت میں گوادر ایک بین الاقوامی معیار کی بندرگاہ بننے کی راہ پر گامزن ہے۔
اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گوادر پورٹ اتھارٹی کے متعلقہ ملازمین کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے اس منصوبے کی کامیاب تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جدید سیکیورٹی نظام مستقبل میں گوادر پورٹ کی ترقی اور تحفظ کو مزید بہتر بنائے گا۔