|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آج23ستمبر پشتون ثقافت کے عالمی دن کو تمام پشتونخوا وطن، ملک وبیرون جوش وجذبے اورپشتون روایتی دود ودستور کیساتھ منایا جائیگااورپشتو نخوامیپ مرکزی تقریب کا انعقاد کوئٹہ کے صادق شہید فٹبال گرائونڈ میں منعقد کرنے جارہی ہے ،

جس میں پشتون قوم کے تہذیب ، تمدن ، ثقافت اور مختلف زمانوں میں بودو باش ، طرز زندگی ، گزارنے کے طریقوں اور ان کے زیر استعمال اشیاء کو مختلف سٹالوں میں نمائش کے طور پر عوام کے دیکھنے کیلئے رکھے جائینگے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ثقافتی پروگرام کاآغاز صبح 9بجے ہوگا اور رات دیر تک جاری رہیگا اس دن تمام پشتون اپنی قومی روایتی لباس زیب تن کرکے اپنے تہذیب وتمدن کو اجاگر کرینگے اور نئے دور کی جدت اور ضرورت کو مد نظر رکھ کر عالم انسانیت کے شریک ورثے کو آگے بڑھانے میں اپنامثبت تعمیری کردار ادا کرینگے ۔

قدیم طور طریقوں کی نمائش اور زیبائش کے ساتھ معاشرتی ارتقاء اور وقت کے تقاضوں کے تحت جدید ثقافت کو اپنانے اور فروغ میں مثبت کردار ادا کرنے کی تجدید عہد کرینگے۔

بیان میں پشتون قوم کے ثقافت کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف ملی اتنڑ، پہلوانوں کے درمیان کُشتی (غیژ) ، ینڈہ ، خوسی اور کلیوالی بانڈار کے مقابلے ہونگے اور اس کے علاوہ مختلف کتابوں کے سٹالز لگیں گے اور ساتھ ہی مختلف کمپنیوں کے ماہرین انسانی صحت ، فصلات ، باغات، لائیو سٹاک ، صنعت اور دیگر شعبہ جات پر لوگوں کو ماہرانہ مشورے فراہم کرینگے۔ پشتونوں کی تاریخی ،مادری زبان پشتوکی ترقی وترویج ، اہمیت ،افادیت وضرورت اور اسے تعلیمی ،دفتری ، سرکاری ، عدالتی اور کاروباری زبان بنانے کیلئے اہل زبان اور ماہرین مختلف سٹالز پر عوام کو آگاہ کرینگے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے آخر میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی مختلف شرکاء اور فن ، کھیل میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کرینگے اور آخر میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی ملی مشر محترم محمود خان اچکزئی اجتماع سے خطاب فرمائینگے ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کی جانب سے تمام عوام سے پشتون کلچر ڈے میں شرکت کرنے اور ان کی زبان ، تاریخ وثقافت سے آشنا ہونے کیلئے اس پروقار پروگرام میں شرکت کی اپیل جبکہ پارٹی کارکنوں کو بروقت شرکت کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *