کوئٹہ : بلوچستان ہا ئی کورٹ کے جسٹس جنا ب جسٹس عبداللہ بلوچ اور جسٹس جنا ب جسٹس اقبال احمد کاسی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مالی امور اور معاملات سے متعلق دائر آئینی درخواست کی گزشتہ روز سماعت کی۔
عدالت عالیہ کے گزشتہ سماعت کے دوران معزز ججز نے مشاہدہ دیا کہ سماعت کی آخری تاریخ یعنی 9ستمبر 2024ء کو ایڈیشنل سیکرٹری، محکمہ خزانہ ایڈووکیٹ جنرل کے ہمراہ حاضر ہو کر معزز بنچ کے ججز کو بتایا کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو 50ملین روپے جاری کیے گئے ہیں
اور اسے 2 یا 3دن کے اندر ان کے اکائونٹ میں منتقل کر دئیے جائیں گے۔اس موقع پر بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے معزز عدالت کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ آج تک ان کے اکائونٹ میں کوئی رقم ٹرانسفر نہیں ہوئی ہے جبکہ، مذکورہ تجویز کو اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل، محکمہ خزانہ اور محکمہ صحت لا ء آفیسرز 50ملین روپے کی ریلیز اور مذکورہ اکائونٹ میں منتقلی کے حوالے سے عدالت کو مطمئن کرنے سے قاصر رہے۔
حالانکہ معزز عدالت کے گزشتہ سماعت کے احکامات کی روشنی میں چیف سیکرٹری بلوچستان کی بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیئرمین و ممبران، سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری محکمہ صحت کے ساتھ ایک میٹنگ بھی ہوئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن اپنے مستقبل کے مطالبات / ضروریات محکمہ صحت کے ذریعے محکمہ خزانہ کو پیش کرینگے۔ جس کے تحت، انہوں نے اپنے مستقبل کے مطالبات/ضروریات پیش کیے ہیں، لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے اور اسی حقیقت کو لا آفیسر، محکمہ خزانہ اور لا آفیسر، محکمہ صحت نے تسلیم کیا ہے۔
جس پر معزز ججز نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ تکلیف دہ مشاہدہ ہے کہ محکمہ خزانہ اور محکمہ صحت کے طرز عمل کی وجہ سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کو صحیح طریقے سے مکمل طور پر آزاد تنظیم کے طور پر فعال نہیں کرنا چاہتے اور بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے کام نہ کرنے کی وجہ سے عوام بڑے پیمانے پر مشکلات کا شکار ہیں۔ لہذا معزز عدالت نے سیکرٹری محکمہ خزانہ اور سیکرٹری محکمہ صحت کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ عدالت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی تعمیل کریں اور اگلی تاریخ سماعت پر سیکرٹری خزانہ اور سیکریٹری صحت کو ذاتی طور پر پیش ہونے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں آ ئینی درخواست کی سما عت 30ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔