کوئٹہ: کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء آغا خالد شاہ جاں بحق جبکہ انکا کزن زخمی ہوگیا ۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ کے علاقے کرانی روڈ پر کلی جیو کے قریب مسلح افراد نے بی این پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن آغا خالد شاہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق جبکہ انکا کزن غریب شاہ زخمی ہوگئے ۔
واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بلوچستا ن نیشنل پارٹی کے رہنماء بڑی تعداد میں سول ہسپتال کوئٹہ پہنچ گئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری کے مطابق نماز جناز ہ اتوار کو کلی جیو میں ادا کی جائے گی
بلوچستان نیشنل پارٹی آغا خالد شاہ کی قربانیوں کو کسی صورت بھی فراموش نہیں کرے گی انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس ملزمان کو فوری طو ر پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں ۔