کوئٹہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں منظور پشتون کے اعلان کردہ پشتون قومی جرگہ کے انتظامی کیمپ پر مسلح ریاستی اداروں کے حملے کو تمام پشتون افغان ملت پر ایک استعماری حملہ قرار دیتے ہوئے اس ناروا اقدام کی پروزور مذمت کی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس قومی جرگہ کو پشتون افغان ملت کی ہرمکتبہ فکر کی نمائندوں اور تمام پشتون افغان عوام کی تائید اور حمایت حاصل ہے۔
جرگہ کا انعقاد ہمارا قومی اور آئینی حق ہے قومی جرگے ہمارے غیور ملت کے تاریخ کے خصوصی صورتحال میں منعقد ہوتے ہیں جسمیں قوم کے بزرگ رہنما، قبیلوں کے زعما، علما کرام، سیاسی قائدین، قومی دانشور اور عوام کے نمائندے شریک ہو کر قوم کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کے حوالے سے فیصلے کرینگے۔ 11 اکتوبر کو مذکورہ جرگہ پشتون افغان عوام کا ایک پروقار اور نمائندہ اجتماع ہے جس کے تاریخی فیصلے پشتون افغان ملت اور ملک کے تمام اقوام وعوام کے بہترین مفاد میں ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتون افغان فرزندوں نے اس ملک کے شہریوں کی حیثیت سے پاکستان کی حفاظت اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، نہ جانے کیوں اس ملک کے ناعاقبت اندیش حکمرانوں کو پشتون افغان ملت کے اس تاریخی رول کا ادراک حاصل کیوں نہیں۔
قومی جرگہ کے منتظمین پر ریاستی فورس کی رات کے اندھیرے میں یلغار کرنے، بھاری ہتھیاروں کی فائرنگ، آنسوگیس کی شیلنگ سے کارکنوں کو زخمی اور بے ہوش کرنے کے بعد ڈاکوں کی طرح کروڑوں روپے کے مالیت کی جرگہ کے خیموں، حفاظتی اور خوراکی اجناس اور دیگر سامانوں کو لوٹنے اور تباہ کرنے کے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے جو ناقابل معافی، پشتون اور ملک دشمن اقدام ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے استعماری اقدامات پرامن پارلیمانی جدوجہد سے پشتونوں کو بیزار کرنے پر منتج ہوں گے اور پشتون اپنے قومی وجود کی بقا اور اپنے قومی اور وطنی مفادات کی تحفظ کیلئے کسی بھی وسیلے کو استعمال کرنے سے دریغ نہیں کرینگے اور قومی نجات کی راہ میں جدوجہد کے دیگر طریقوں کو استعمال میں لائینگے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ منظور پشتون پر گزشتہ دنوں کے دوران قاتلانہ حملوں کا مقصد بھی اس تاریخی قومی جرگہ کو ناکام بنانا تھا اور جرگہ کیمپ پر حملے کے بعد غیور پشتون جرگہ کو کامیاب بنانے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
بیان میں باشعور اور وطنپال عوام سے جرگہ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔