کوئٹہ: بلوچستان میں دھماکے سے تباہ ہونے والے ریلوے پل کی مرمت کا کام مکمل ہوگیا، 11 اکتوبر سے جعفر ایکسپریس بحال کر دی جائے گی۔
بلوچستان کا تقریباً سوا ماہ بعد ریل کے ذریعے رابطہ بحال ہوگا، جعفر ایکسپریس لاہور سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوتی تھی۔
دوسری جانب، ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے پیش نظر کراچی سے کوئٹہ براستہ دادو کے درمیان چلنے والی بولان میل کو بھی 11 اکتوبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بولان میل 11 اکتوبر کو کراچی سٹی سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوگی اور اسی طرح 13 اکتوبر کو بولان میل کوئٹہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔ اس کے اوقات کار ٹائم ٹیبل کے مطابق ہوں گے۔
واضح رہے کہ اگست کے آخری ہفتے شرپسندوں نے دھماکا خیز مواد کے ذریعے ریلوے پل اڑا دیا تھا۔