|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2024

ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار پولیس نے 5 کمسن طلبہ کے ساتھ بدفعلی میں ملوث مرکزی ملزم کو پنجاب سے گرفتار کرلیا، ایس ایس پی جعفرآباد عطا الرحمن ترین کی جانب سے تشکیل دی گئی

اسپیشل ٹیم کے افسران اسسٹنٹ سب انسپکٹر غلام حسین جمالی اور طارق علی بہرانی نے پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں کامیاب چھاپے کے دوران مرکزی ملزم عبداللطیف کو گرفتار کرلیا،

طلبہ کے ساتھ بدفعلی میں ملوث ملزم عبداللطیف نجی اسکول میں بطور ٹیچر تعینات تھے، بدفعلی واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا، شاہین فورس ریذیڈنشل اسکول میں 5 کمسن طلبہ سے بدفعلی کا واقعہ 29 روز قبل پیش آیا تھا، اس گھناونے واقعہ میں اسکول پرنسپل ندیم، وارڈن ابراہیم اور ٹیچر عبداللطیف ملوث پائے گئے تھے، پولیس نے طبی معائنے کے بعد مقدمہ درج کرکے دو ملزمان پرنسپل اور وارڈن کو موقع پر گرفتار کرلیا تھا

جبکہ ٹیچر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا، ایس ایس پی عطا الرحمن ترین نے ملزم کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دیدی تھی، ڈی ایس پی سرکل محمد شمن سولنگی اور ایس ایچ او جاوید کھوسہ نے بھی ملزم کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم کو معاونت فراہم کی۔