|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2024

کراچی: ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) کو فخر ہے کہ اس نے بلوچستان کے اٹھارہ باصلاحیت نوجوان گریجویٹس کا انتخاب کیا ہے

جو آر ڈی ایم سی کے اعلیٰ پائے کے انٹرنیشنل گریجویٹ ڈویلپمنٹ پروگرام (آئی جی ڈی پی) 2024 کا حصہ بنے ہیں۔ بیرک جو آر ڈی ایم سی کے آپریٹر ہیں نے جولائی 2023 میں ریکوڈک پروجیکٹ کے لئے انٹرنیشنل گریجویٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا تاکہ مقامی اور قومی ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے اپنا کردار ادا کیا جاسکے۔

آئی جی ڈی پی 2024 کے گروپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بیرک گولڈ کے سی ای او مارک برسٹو نے کہاکہ ہمیں خوشی ہے

کہ آپ ریکوڈک انٹرنیشنل گریجویٹ ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں۔ اس پروگرام کا آغاز ہی سے مقصد یہ رہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان گریجویٹس کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ مائننگ انڈسٹری میں کامیاب کیریئر کے لئے ضروری مہارتیں حاصل کریں۔ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں دل لگاکر سیکھیں اور تاکہ آپ نہ صرف ریکوڈک پروجیکٹ بلکہ اپنے صوبے اور ملک کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ رواں کے پروگرام کے لئے ایک مربوط میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کے ذریعے تین ہزار سے زائد امیدواروں میں سے اٹھارہ بہترین گریجویٹس کا انتخاب کیا گیا۔

ان میں چار خواتین بھی شامل ہیں جو مائننگ کے شعبے میں بیرک کی خواتین کے زیادہ سے زیادہ شمولیت کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔ منتخب ہونے والے گریجویٹس نے مختلف شعبوں میں ڈگریاں حاصل کی ہیں جن میں الیکٹریکل انجینئرنگ، مکینیکل انجینئرنگ، جیولوجیکل انجینئرنگ، سول انجینئرنگ، ماحولیاتی سائنسز، مائننگ انجینئرنگ اور جیولوجی شامل ہیں۔

گزشتہ سال کے منتخب گریجویٹس کی طرح بلوچستان کے یہ نوجوان بھی بیرک کی مائن سائٹس ویلادیر، ارجنٹینا اور لوموانا زیمبیا میں دو سالہ دوران ملازمت تربیتی پروگرام کا آغاز کریں گے۔ یہ عملی تجربہ انہیں عالمی معیار کی مائننگ آپریشنز کی سمجھ بوجھ اور مہارتوں سے لیس کرے گا۔ پروگرام کی تکمیل کے بعد گریجویٹس عموماً اپنے ملک واپس آ کر بیرک کی آپریشنز میں حصہ لیتے ہیں اور اپنی کمیونٹی میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔

منتخب ہونے والے نوجوانوں کا تعلق بلوچستان کے مختلف اضلاع جیسے پنجگور، گوادر، کوئٹہ، لورالائی، خضدار، نوشکی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور چاغی سے ہے۔ ان کی پروگرام میں شرکت نہ صرف علاقائی مہارت کے فرق کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ مقامی ترقی اور اقتصادی استحکام کو بھی فروغ دے گی۔بیرک مقامی کمیونٹیز کے ساتھ مشترکہ تعاون کی اصولوں پر مقامی افراد کی صلاحیتوں میں اضافہ کرکے اقتصادی مواقع کو فروغ دے کر ان علاقوں میں پائیدار ترقی کے لئے پرعزم ہے جہاں وہ کام کرتا ہے۔

19 ممالک میں آپریشنز اور پراجیکٹس کے ساتھ بیرک سرحد پار سیکھنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے تاکہ ٹیم کے اراکین قیمتی علم اور مہارتیں حاصل کرسکیں اور مقامی ورک فورس کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جاسکے۔ریکوڈک انٹرنیشنل گریجویٹ پروگرام اور بلوچستان میں آر ڈی ایم سی/بیرک کی دیگر سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات کے لئے براہ کرم رابطہ کریں۔