کوئٹہ: گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم صوبے کی پہلی وویمن یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور تعلیمی معیار اونچا کرنے کیلئے شعوری کوششیں کر رہے ہیں. وائس- چانسلرشپ محض ایک اعزاز نہیں ہے بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
آج ہم وویمن یونیورسٹی میں طالبات کے شعور، رنگ اور تخلیقی صلاحیتوں کے حسین امتزاج پر مبنی فائن آرٹ کی نمائش میں فن پاروں کو دیکھنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔
فائن آرٹ کی یہ شاندار نمائش انسانی تخیل کے اظہار کا ایک نادر موقع ہے. گورنر مندوخیل نے فائن آرٹ نمائش میں حصہ لینے والے آرٹسٹوں کیلئے نقد انعام کا اعلان بھی کیا.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وویمن یونیورسٹی میں منعقدہ فائن آرٹ کی نمائش کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی بھی موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ فائن آرٹ میں استعمال ہونے والا ہر رنگ، ہر لفظ اور برش کا ماہرانہ استعمال درحقیقت فنکار کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے.
گورنر مندوخیل نے کہا کہ فائن آرٹ کی نمائش میں موجود ہر فن پارہ ایک علیحدہ کہانی سناتا ہے اور فنکار کے راز و نیاز کو اجاگر کرتا ہے جن کو دیکھ کر انسان کے خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے. جعفرخان مندوخیل کا کہنا تھا کہ فائن آرٹ کی یہ نمائش محض فنکاروں کیلئے نہیں ہے بلکہ ایسی تقریبات سے ہم وویمن یونیورسٹی کی تمام طالبات کی خوابیدہ تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کر سکتے ہیں. ہماری خواتین میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے لیکن ضروری سہولیات اور مواقعوں کی عدم موجودگی آڑے آ رہی ہیں.
ہر صلاحیت موقع کی محتاج ہے. انسانی صلاحیت کو بروقت موقع، مناسب ماحول اور ضروری سہولیات نہ ملنے کی صورت میں وہ ضائع بھی ہو سکتی ہے. اصل میں فن خطابت، مصوری، مجسمہ سازی اور فائن آرٹ وغیرہ انسان کے تخیل اور تخلیقی صلاحیتوں کا بہترین اظہار ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے اکثر لوگ ان سرگرمیوں کو ایکسٹرا کریکولم یا غیرنصابی سرگرمیوں کا نام دیتے ہیں
جبکہ یہ درحقیقت نصاب کا لازمی حصہ یعنی کوکریکولم ہے. گورنر بلوچستان وویمن یونیورسٹی کے تمام ذمہ داران کو مخاطب کرتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی کہ ایسی تقریبات آئندہ بھی جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی جاتی رہیں گی اور یہاں کے طالبات سے گزارش ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں. قبل ازیں گورنر بلوچستان فائن آرٹ کی نمائش میں رکھے گئے تمام فن پاروں کا معائنہ کیا اور ہونہار فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔