|

وقتِ اشاعت :   October 13 – 2024

اسلام آباد:  نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان قومی تعصب کو ہوا دینے کی سازش کی جا رہی ہے ہماری جماعت اس مذموم کوشش کو ناکام بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی پنجاب وحدت کے کنونشن منعقدہ پارٹی کے اسلام آباد دفتر میں شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا کنونشن میں پنجاب کے22اضلاع کے نیشنل پارٹی کے وفود نے شرکت کی۔کنونشن میں چند روز قبل ساہیوال میں وفات پانے والے عظیم کامریڈ نیشنل پارٹی پنجاب کے سینئر رہنمارانا افضل محمود کی وفات پر تعزیت کا اظہارکیا گیا اور انکی سیاسی خدمات کوسراہا گیا۔

سیشن کے آغاز میں نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک نے صوبائی کابینہ اور ورکنگ کمیٹی کو تحلیل کیا اور الیکشن کمیشن کا اعلان کیا۔الیکشن میں ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

نئی کابینہ میں ایوب ملک صدر نیشنل پارٹی پنجاب اور طالب حسین جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔

اس موقع پر نئی منتخب کابینہ اور ورکنگ کمیٹی کے ممبران کے علاوہ نیشنل پارٹی پنجاب کے مختلف اضلاع کے صدور نے بھی خطاب کیا۔نیشنل پارٹی پنجاب کے نو منتخب جنرل سیکرٹری طالب حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پنجاب میں زیادہ منظم ہونے کی ضرورت ہے۔

نیشنل پارٹی پنجاب کے سینئر رہنما ناصر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی77سالہ سیاسی تنزلی اور اسکے مضمرات پر روشنی ڈالی۔نیشنل پارٹی کی مرکزی رہنما سابقہ رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی نے کہا کہ نیشنل پارٹی محکوم قوموں اور مظلوم طبقات کی پارٹی ہے۔

نیشنل پارٹی کے ایم این اے اور مرکزی رہنما پھلین بلوچ نے نئی منتخب کابینہ اور ورکنگ کمیٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منتخب ہونے والی قیادت نیشنل پارٹی کو پنجاب میں منظم کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان قومی تعصب کو ہوا دینے کی سازش کی جا رہی ہے اور نیشنل پارٹی اس مذموم کوشش کو ناکام بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔

نیشنل پارٹی پنجاب کے منتخب صدر ایوب ملک نے نیشنل پارٹی کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام اور ریاست کے درمیان ایسا رشتہ پیدا کرنا چاہتی ہے جو کہ آئین کی پاسداری اور سویلین سپریمیسی پر محیط ہو۔