اورماڑہ: اورماڑہ میں ماہیکان چائلڈ فانڈیشن کے بانی و میل کوآرڈینیٹر اور فیڈرل اردو یونیورسٹی کا طالب علم محمد حنیف بلوچ کو کراچی سے لاپتہ کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق طالب علم محمد حنیف بلوچ کو بدھ کی شام اپنے دو روم میٹ طلبا سمیت لاپتہ کر دیا گیا ہے۔
جبکہ سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق ان سمیت کراچی میں 8 طالب علموں کو لاپتہ کر دیا گیا جن کی شناخت زہیر شوکت سکنہ کیچ مند، بیبگر امیر سکنہ وشبود پنجگور، اشفاق خالقداد سکنہ نال خضدار، شہزاد خالد سکنہ نال خضدار، کمبر علی سکنہ نال خضدار، حنیف بدل سکنہ اورماڑہ، شعیب علی بختیار سکنہ پسنی اور سعید اللہ سکنہ گڈانی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تمام افراد کراچی میں زیر تعلیم ہیں، ان میں سے شعیب اور بیبگر کراچی یونیورسٹی میں تاریخ کا، حنیف فیڈرل ارود یونیورسٹی کا، اشفاق اور شہزاد مدرسے کا، کمبر ایف ایس سی اور سعید اللہ قانون کے طالب علم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ طالب علموں کو کراچی کے علاقے گلشن سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں کراچی میں بلوچوں کی جبری گمشدگی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔