|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2024

کوئٹہ: محکمہ ایکسائز اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے اسمبلی چوک پر کابلی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک وکیل کی گاڑی کو کالے شیشوں اور کابلی ہونے پر روک کر چیکنگ شروع کی تو اہلکاروں اور مذکورہ وکیل کے مابین جھگڑا ہونے کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد نے موقع پر پہنچ کر چوک پر احتجاج کرتے ہوئے ہر قسم کی ٹریفک کو معطل کردیا

جس سے کافی دیر تک ٹریفک جام رہنے سے شہریوں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا

گزشتہ روز محکمہ ایکسائز اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے کوئٹہ میں کابلی گاڑیوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کا آغاز کیا

اور سرینا چوک پر گاڑیوں کی چیکنگ کررہے تھے کہ اسی دوران کالے شیشے والی گاڑی کو روکا تو گاڑی میں سوار وکیل نے مذکورہ اہلکاروں کے ساتھ جھگڑا شروع کردیا جس کے بعد جھگڑا بڑ ھ گیا اور جھگڑے کی اطلاع ملنے پر وکلاء کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی

اور اسمبلی چوک پر احتجاج کیا اور ہر قسم کی ٹریفک معطل کردی جس سے کافی دیر تک ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے چوک کے چاروں اطراف سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد معاملے کو رفع دفع کردیا گیا اور وکلاء نے احتجاج ختم کردیا اور منتشر ہوگئے۔