کوئٹہ، : وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کا آپس میں مربوط تعاون انتہائی ضروری ہے
۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینیجمنٹ کوئٹہ میں منعقدہ مشاورتی سیشن کے دوران کیا۔
مشاورتی سیشن میں حکومت بلوچستان، نجی شعبے، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان سمیت مختلف غیر سرکاری اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
ڈاکڑربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار ترقی صرف اسی صورت ممکن ہے جب تمام اسٹیک ہولڈرز ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پائیدار ترقی کے لیے تعلیم، صحت، اور خواتین کی معاشی خودمختاری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صوبے کے دور دراز علاقوں میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتر مواقع فراہم کر کے نہ صرف معاشرتی بہتری ممکن ہے بلکہ اس سے خواتین کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی جیسے بین الاقوامی ادارے بلوچستان کے ترقیاتی سفر میں اہم شراکت دار ہیں اور ان کی تکنیکی اور مالی مدد سے ایسے منصوبے بنائے جا سکتے ہیں جو پائیدار اور طویل المدتی نتائج دیں۔معاشرے میں خواتین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا خواب نامکمل ہے، اور اس لیے خواتین کی تعلیم اور معاشی خود مختاری کو اولین ترجیحات میں شامل کیا جانا چاہیے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے امید ظاہر کی کہ مشاورتی اجلاس کے نتیجے میں آئندہ چار سالوں کے لیے ایک مضبوط اور جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی جو بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کو مزید تقویت دے گی۔