کوئٹہ؛ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کو یہاں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کا افتتاح کیا اس پروگرام کے تحت بلوچستان سے مرحلہ وار 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے لئے بھیجنا ایک خواب تھا جس کا اظہار میں نے صوبائی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر میں کیا تھا اس منصوبے سے متعلق بہت سے احباب نے کہا کہ یہ ایک مشکل کام ہے تاہم محنت اور لگن سے ہم نے اسے قابل عمل بنایا آج یہ تاریخی خواب شرمندہ تعبیر ہونے جاررہا ہے اور الحمدللہ رواں سال بلوچستان سے ہنر مند نوجوانوں کی پہلی کھیپ بیرون ملک جائے گی
اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے نوجوان رہنماء و مشیر لیبر اینڈ مین پاور سردار غلام رسول عمرانی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے بھرپور محنت کی جس پر انہیں شاباش دیتا ہوں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ بلا شبہ بیروزگاری ایک بڑا چیلنج ہے جبکہ سرکاری شعبوں میں جاب کے مواقع محدود ہیں
ان حالات میں بیروزگاری کا حل یہ نظر آیا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک بھیجا جائے صدر مملکت آصف علی زرداری، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اس آئیڈیا سے اتفاق کیا خصوصاً چئیرمین پکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھرپور حوصلہ افزائی کی جس کی بدولت آج ہم صوبے کی تاریخ کا یہ اہم پروگرام شروع کرنے جاررہے ہیں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام میں میرٹ کو یقینی بنائیں گے
تمام وزراء، سیکرٹریز اور افسران سو فیصد میرٹ کو یقینی بنائیں تاکہ حق داروں کو ان کا حق مل سکے وزیر اعلٰی نے کہا کہ اس پروگرام میں بلوچستان کے ہر ضلع سے مساوی تعداد میں نوجوانوں کی سلیکشن ہوگی کوئی پسند ناپسند نہیں چلے گی بلکہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے اہل جوانوں کا انتخاب ہوگا وزیر اعلٰی نے کہا کہ بلوچستان سے جانے والے نوجوان اپنے ملک کا بہتر تشخص اجاگر کریں آپ پاکستان کے سفیر ہیں اور اپنے اچھے عمل و کردار کے ذریعے پاکستان کی نیک نامی کا باعث بنیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان گمراہی کا شکار نہ ہوں اور ترقی کے لئے مثبت سوچ اپنائیں بلوچستان حکومت اپنی دیگر ضروریات اور منصوبوں کو کم کرکے نوجوانوں پر وسائل خرچ کررہی ہے جس کے ثمرات بتدریج سامنے آنا شروع ہوں گے بلوچستان کے ہر نوجوان کو ترقی و روزگار کے مواقع فراہم کریں گے نوجوانوں کی ترقی کا خواب حقیقی روپ اختیار کرنے جاررہا ہے وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں
جس میں سویلین شہداء کے بچوں سمیت اقلیتوں، ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے موثر کوٹہ رکھا گیا ہے اس پروگرام کے تحت طالب علموں کے سولہ سالہ تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بیڈ گورننس کا خاتمہ کرکے نوجوانوں کو ریاست سے نزدیک کریں گے برملا کہتا ہوں کہ بلوچستان میں کوئی نوکری نہیں بکے گی، میرٹ کو یقینی بنائیں گے ہم نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کررہے ہیں دوسری طرف نوجوانوں کو خود کش بنایا جاررہا فیصلہ بلوچستان کے عوام نے کرنا ہے کہ کون درست کون غلط ہے، وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ ریاست ہماری پہنچان ہے اس کی قدر کرنی ہے ترقی کا راستہ بلوچستان سے ہی نکلتا ہے ناہموار ترقی پورے پاکستان کا مسئلہ ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اس ناراضگی کا اظہار ہم ریاست سے کریں سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈوں کے ذریعے گمراہی پھیلائی جاتی ہے
جس کی مثال گزشتہ دنوں کے افسوسناک واقعات ہیں ایک طرف شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس چل رہی تھی تو دوسری طرف ریپ کا بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلا کر بے چینی پھیلائی گئی وزیر اعلٰی نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سوچ اپنا کر آگے بڑھنا ہوگا حکومت نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرے گی،
وزیراعلی نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مشیر لیبر اینڈ مین پاور سردار غلام رسول عمرانی، سیکرٹری لیبر ڈی جی اور تمام ٹیم کو سراہا اس سے قبل صوبائی وزیر ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن راحیلہ حمید خان درانی، مشیر محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، نے اپنے خطاب میں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کو ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے اسے ایک غیر معمولی پیش رفت قرار دیا
تقریب کے اختتام پر وزیر اعلٰی بلوچستان نے پروگرام پر عمل درآمد کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کو شیلڈ دئیے جبکہ مشیر لیبر اینڈ مین پاور سردار غلام رسول عمرانی کو سوئینر دیا