ملک میں معاشی صورتحال میں تیزی سے مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، اسٹاک ایکسچینج میں صورتحال بہترین ہے، بیرونی سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہے جبکہ مہنگائی کی شرح ماضی کی نسبت کم ہوگئی ہے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری آئی ہے اور جاری کھاتے کا خسارہ مزید کم ہو کر 13 سال کی کم ترین سطح پر آگیا۔
اسٹیٹ بینک نے مالی سال 2023-24 کے لیے پاکستانی معیشت کی کیفیت پر سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مہنگائی مئی 2023 کی نسبت 38 فیصد کی بلند ترین سطح سے گھٹ کر جون 2024 میں 12.6 فیصد پر آگئی ہے جب کہ کم بچتوں کے حالات میں پست سرمایہ کاری، ناسازگار کاروباری ماحول، تحقیق و ترقی کا فقدان اور کم پیداواریت کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات معاشی ترقی کی ممکنہ صلاحیت کو محدود کررہے ہیں۔
پاکستان کے کلی معاشی حالات میں بہتری آئی جسے استحکام کی پالیسیوں ، آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب پیش رفت، بے یقینی میں کمی اور سازگار عالمی معاشی حالات سے تقویت ملی۔
رپورٹ کے مطابق ملک کی زرعی پیداوار میں اضافے نے بھی سال کے دوران قدرے بہتر معاشی نتائج کے حصول میں کردار ادا کیا جب کہ مالی سال 2024 کے دوران حقیقی جی ڈی پی میں زراعت کی بدولت معتدل بحالی ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے ملک کے بیرونی کھاتے کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی، ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئے گی اور مالی سال 2025 میں مہنگائی کے دبائو میں مزید کمی کا امکان ہے۔
دوسری جانب عا لمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان میں مہنگائی میں مسلسل کمی کی پیشگوئی کردی ہے۔
ایک رپورٹ میں آئی ایم ایف نے پاکستان میں مسلسل5 سال اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہنے کا تخمینہ لگا یا ہے اور عالمی مالیاتی ادارے نے رواں مالی سال حکومتی ہدف سے بھی مہنگائی کم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
آئی ایم ایف کورواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں 9.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال کے لیے حکومت نے اوسط مہنگائی کاہدف ڈبل ڈیجٹ میں 12 فیصد مقررکیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں مالی سال 25-2026 میں اوسط مہنگائی 7.8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے مالی سال 26-2027 کے لیے پاکستان میں اوسط مہنگائی کا تخمینہ 6.5 فیصد جبکہ مالی سال 27-2028 اور 28-2029 میں بھی اوسط مہنگائی 6.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ بہرحال ملک میں معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے جس کے مستقبل قریب میں مثبت نتائج روزگار اور مہنگائی میں کمی کے حوالے سے برآمد ہونگے جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔
ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی، مالیاتی اداروں کی مثبت رپورٹس، سرمایہ کاری کے بڑھتے امکانات!
وقتِ اشاعت : October 20 – 2024