کوئٹہ: قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس چیئرمین خیرجان بلوچ کی زیر صدارت بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں اراکین کمیٹی ظفر علی آغا، رحمت صالح بلوچ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری تعلیم صالح محمد ناصر، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن اور اسپیشل سیکرٹری تعلیم نعمان شاہ نے شرکت کی۔
کمیٹی کے اجلاس میں 6 ستمبر کو اسمبلی اجلاس کے دوران اٹھائے گئے سوالات خاص طور پر بند اسکولوں کے بارے میں غور و خوض کیا جانا تھا۔
تاہم محکمہ کی غیر تسلی بخش تیاری اور ہائیر ایجوکیشن کے سیکرٹری کی عدم موجودگی نے بامعنی بات چیت میں رکاوٹ پیدا کی۔
اراکین نے محکمہ کی تیاری میں کمی پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ عمل تشویشناک ہے۔
سیکرٹری ایجوکیشن نے کہا کہ سی ایم آئی ٹی اب انسپیکشن کر رہی ہے، اس لیے گزشتہ کچھ دنوں سے کلسٹر بجٹ روک دیا گیا ہے۔
سیکرٹری ایجوکیشن نے اپنے محکمے کی جانب سے تیاری نہ ہونے پر معذرت کی اور اگلی میٹنگ میں بہتر جوابات دینے کا وعدہ کیا۔
سیکرٹری تعلیم نے بتایا کہ 2,200 غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔
ڈائریکٹر ایجوکیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ 672 اسکولوں کو فعال کر دیا گیا ہے۔
تحصیل وڈھ خضدار میں بند اسکولوں کے بارے میں پوچھے جانے پر محکمہ نے کہا کہ انہیں سوال موصول نہیں ہوا تھا۔
ممبر صوبائی اسمبلی ظفر علی آغا نے کہا کہ اب بھی ان کے حلقے میں اسکول بند ہیں یا سنگل ٹیچر اسکول چل رہے ہیں۔
کلسٹر بجٹ مختص کیے جاتے ہیں لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آتا۔
کلی کربلا کے لیے 1.8 ملین کے بجٹ نے صفر نتائج پیش کیے۔
چیئرمین خیر جان بلوچ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی خوشحال معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
تعلیم ایک بنیادی حق ہے جو کسی بھی معاشرے کو بااختیار بنانے کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے اور اساتذہ کو آسانی سے ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے۔
کچھ اساتذہ کی جگہ دیگر لوگ ڈیوٹیاں کر رہے ہیں جو کہ ایک غلط عمل ہے۔
چیئرمین خیر جان بلوچ نے کہا کہ ناقص تعلیمی نظام کی وجہ سے معاشرہ غلط جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں کا دورہ کرتے وقت ہم انہیں بند یا مسائل سے دوچار پاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کلسٹر بجٹ کا تصور بہت اچھا تھا لیکن اس کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔
چیئرمین نے ضلعی تعلیمی افسران اور دیگر عہدیداروں کو آئندہ اجلاسوں میں شرکت کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین خیر جان بلوچ نے تعلیم کو ترجیح دینے اور بلوچستان کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔