|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2024

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میر ظہور بلیدی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمٰن کھیتران، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسیپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالبساط، سیکرٹری خزانہ بابر خان، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن حافظ محمد طاہر، سیکرٹری سیکنڈری ایجوکیشن محمد صالح ناصر، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر، سیکرٹری آبپاشی حافظ عبدالماجد سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اور اپنے محکموں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کو بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اگلا چیلنج منصوبوں کی بروقت تکمیل کا ہے۔

سست روی کی روایت کو ختم کرکے بروقت منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

وزیر اعلٰی نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

زیر التواء 360 اسکیموں کی منظوری آئندہ 8 ایام میں کردی جائے۔

مالی سال کے اختتام تک مجموعی منصوبوں میں سے 100 فیصد نہ سہی 90 فیصد کو پایا تکمیل تک پہنچایا جائے۔

اس مقصد کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

سلیگ سیزن کے دوران ماہرین تعمیرات کی مشاورت سے بلا تعطل کام جاری رکھا جائے اور اس میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے۔

وزیر اعلٰی نے ہدایت کی کہ مخصوص نشادہی کردہ ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیکر حل کی تجاویز پیش کی جائیں۔

سست رفتاری کے شکار منصوبوں کی ٹھوس وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ تیزی سے مکمل کئے جانے والے منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کے سو فیصد اجراء کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ پی سی ون سے مطابقت نہ رکھنے والے ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔

وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنائیں گے۔

منصوبوں کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے سی ایم آئی ٹی اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حکام موقع پر جائزہ لیں گے اور اپنی جانع رپورٹس پیش کریں گے۔

وزیر اعلٰی نے ہدایت کی کہ ایک ہی نوعیت کی خدمات کے حامل مختلف محکموں کو یکجا کرنے کے لئے جامع سفارشات مرتب کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں تاکہ ہر محکمہ اپنے مخصوص مینڈیٹ میں کام کرسکے۔

وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے اندرون بلوچستان اسپورٹس کمپلیکس کے ادھورے منصوبے رواں مالی سال کے دوران مکمل کرنے کا حکم دیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز میں سو فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے وسائل کے درست استعمال اور کرپشن کی روک تھام کیلئے انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر موثر میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

بدھ کو یہاں ضلع کونسلز اور میونسپل کارپوریشن و کمیٹیز کے سربراہان سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو فنڈز کا اجراء کارکردگی سے مشروط ہوگا۔

چیئرمین حضرات کرپشن کے تدارک، صفائی ستھرائی، اسکولز و اسپتالوں میں اسٹاف کی حاضری کی مانیٹرنگ اور قومی سلامتی و یکجہتی کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

وسائل کے درست استعمال اور کرپشن کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں کے فنڈز مالی سال کے دوران دو اقساط میں جاری کئے جائیں اور کوئی غیر ضروری تاخیر نہ برتی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں کرپشن کے راستے روک کر نچلی سطح پر ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہوں گے۔

عوامی سہولیات کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ چیئرمین حضرات مقامی سطح پر اسکولوں اور اسپتالوں کا معائنہ کرکے غیر حاضر اسٹاف سے متعلق چیف منسٹر سیکرٹریٹ کو رپورٹ ارسال کریں، کارروائی کریں گے۔

بلدیاتی ادارے عوام کی دسترس میں ہیں اس لئے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔

وزیر اعلٰی نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آنے چاہیئے۔

عوام کی ضروریات سے ہم آہنگ ترقیاتی منصوبے تشکیل دئیے جائیں جس کا فائدہ عام آدمی کو ہو۔

عوامی وسائل کا ضیاع اور کرپشن قطعی قابل برداشت نہیں۔

غیر جانبدار تھرڈ پارٹی سے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کروائیں گے۔

مصدقہ شکایات اور رپورٹس پر ملوث کونسلز و کارپوریشن کو فنڈز کا اجراء روک دیا جائے گا۔

وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلدیاتی سربراہان ریاست مخالف سرگرمیوں کا ٹھوس جواب دیں۔

پاکستان، پاک فوج ریاست ہم میں سے ہر کسی کی اولین ترجیح ہونا ضروری ہے اور ہمیں غیر مشروط وطن عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دینا ہے۔

بلدیاتی ادارے پاکستان کے جھنڈے، قومی ترانے کو پرموٹ کریں اور ہر جگہ عزت و تکریم کے لئے اقدامات کریں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اس ملاقات میں صوبے بھر کے چئیرمینز نے بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز میں اضافے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کرپشن کی روک تھام، عوامی مسائل کے حل اور ریاست کے بیانیے کے فروغ کا عزم کیا۔