کوئٹہ : گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ اچھی معیشت ہی اچھی سیاست کو جنم دے سکتی ہے۔
بلوچستان میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم ایک ایسی پائیدار ترقی کرتی ہوئی معیشت بنا سکتے ہیں جس سے تمام صوبوں کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ بارڈر ٹریڈز کو فروغ دینے اور سرحدی مارکیٹنگ کے قیام کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے، سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور اقتصادی ماہرین کی رہنمائی لینے پر ہونی چاہیے۔
موجودہ حکومت تمام قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور صنعتکاروں کو آسانی اور سہولت دینے کیلئے پرعزم ہے۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور کوئٹہ ایوان صنعت و تجارت کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا
جس کی قیادت ایس ایم تنویر کر رہے تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) ملک کا سب سے بڑا بزنس فورم ہے اور چاروں صوبوں سے صف اول کے تاجروں اور صنعتکاروں کا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آنا بہت خوش آئند ہے جس کے تعمیری اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے.
بلوچستان کے مختلف ڈویژن میں صنعتی زونز کے قیام سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی. آپ ہی بلوچستان میں اقتصادی ترقی کے وسیع مواقع پیدا کرنے،
بیروزگاری کے خاتمے اور ہمسایہ ممالک سمیت سینٹرل ایشیا تک کی معاشی و تجارتی منڈیوں تک رسائی کو ممکن بنانے میں ہماری مدد اور رہنمائی کر سکتے ہیں. ہمارا مشن معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا، بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل ومشکلات کی درست نشاندہی کرنا اور پرائیویٹ سیکٹر کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صعنت و تجارت سے وابستہ افراد بلوچستان میں زرعی و آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ہماری پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے سائنسدانوں اور ماہرین کے علم و تجربہ سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں استفادہ حاصل کریں.
ضروری ہے کہ ہم ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر وہاں کے معروضی حالات کو سمجھ کر، دیرپا ترقی و خوشحالی کیلئے ٹارگٹڈ حل تیار کریں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کیلئے آسانیاں اور نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر باہمی افہام و تفہیم ضروری ہے۔ ہم مشترکہ کاوشوں اور مشاورت سے ایک روشن اقتصادی مستقبل بنا سکتے ہیں۔