|

وقتِ اشاعت :   November 6 – 2024

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان وسیع چراگاہوں، سازگار آب و ہوا اور خاص طور پر مویشی پالنے کے حوالے سے ایک بہت زرخیز خطہ ہے جو پورے ملک کے گوشت اور دودھ کی ضرورت کو بآسانی پورا کر سکتا ہے۔

اس ضمن میں ڈسٹرکٹ موسیٰ خیل مالداری کا ایک بہت بڑا مرکز ہے۔

معیاری ویٹرنری کیئر فراہم کرنے کیلئے ضلع موسیٰ خیل میں جانوروں کے ہسپتال کا قیام، لائیو اسٹاک کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مقامی مالداروں اور کسانوں کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء نذیر موسیٰ خیل کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام اضلاع میں یکساں ترقی اور بنیادی ضروریات فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

بلوچستان اعلیٰ نسل کے جانوروں، پرندوں اور چراگاہوں کی سرزمین ہے اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے بھی زیادہ امکانات ہیں۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ یہاں لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کو جدید خطوط پر استوار کر کے اسکی نشوونما کے ذریعے اسے انٹرنیشنل سطح پر منافع بخش کاروبار کے طور پر ترقی دی جا سکتی ہے۔

سعودی عرب میں ہر سال عمرہ اور خاص کر حج کی سعادت حاصل کرنے کے موقع پر لاکھوں قربانی کے جانوروں کی یہ ضرورت صرف ہمارے دو اضلاع اپنے وسائل سے پوری کر سکتے ہیں۔

وفد نے گورنر بلوچستان کو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس جدید دور میں بھی تعلیم، صحت اور صاف پانی کی سہولیات سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ وفاقی حکومت کی جانب سے منظور شدہ منصوبوں خاص کر ضلع موسیٰ خیل میں تاغ بڑ مغدوزئی ڈیم اور کیڈٹ کالج کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور موسیٰ خیل کے عوام کے مسائل اور مطالبات کو متعلق محکموں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *