|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2024

یونیورسٹی آف گوادر کی اکیڈمک کونسل کا ساتواں اجلاس سی پیک اسٹڈی سینٹر، پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ، گوادر یونیورسٹی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، رجسٹرار دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈاکٹر محب اللہ اور دیگر فیکلٹی ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں اہم تعلیمی اور پالیسی امور کو زیر غور لایا گیا، جن کا مقصد یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو بلند کرنا اور ادارہ جاتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس کے آغاز میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی تین سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گوادر جیسے اسٹریٹیجک اہمیت کے شہر میں یونیورسٹی کا قیام اور تین سال کے مختصر عرصے میں اس کی مثالی کارکردگی جامعہ کے انتظامیہ، اساتذہ کے علاوہ ادارے کے ساتھ ایچ ای سی اسلام آباد، گورنر سیکرٹریٹ، اور صوبائی محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے تعاون سے حاصل ہوئی ہے۔

اجلاس میں یونیورسٹی آف گوادر کی چھٹی اکیڈمک کونسل کے اجلاس کے منٹس کی منظوری اور گزشتہ اجلاس میں منظور شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی مسلسل ترقی اور مزید بہتری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس کے اہم فیصلوں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی “انسٹیٹیوشنل افیلی ایشن پالیسی 2024” کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد یونیورسٹی آف گوادر کے دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔

کونسل نے تعلیمی نصاب کو وسعت دینے اور پاکستانیات کے فروغ کے لیے ایچ ای سی سے منظور شدہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگراموں میں پاکستان اسٹڈیز کے کورس کی شمولیت کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گریجویٹ پالیسی 2023 پر بھی بحث کی گئی۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے زیر اہتمام ان مضامین میں جو ایچ ای سی کے قواعد پر پورا اترتے ہیں، ان میں ایچ ای سی کی منظوری سے مشروط ایم ایس ڈگری کورسز شروع کرنے کی منظوری دی گئی، جن میں مینجمنٹ سائنسز، کیمسٹری، اور ایجوکیشن کے مضامین شامل ہیں۔ اس کا مقصد اس خطے اور خاص طور پر گوادر جیسے تجارتی اور کاروباری شہر میں اعلیٰ تعلیم کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا اور اعلیٰ ڈگری کے حامل افرادی قوت تیار کرنا ہے۔

کونسل نے ان مضامین میں ایچ ای سی کے منظور شدہ کورسز کی توثیق کی جو متعلقہ شعبوں کے بورڈ آف اسٹڈیز سے منظور شدہ تھے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی میں قائم میری ٹائم افیئرز اور میرین سائنسز سینٹر میں زولوجی کے شعبے میں فشریز کے خصوصی کورسز کی بھی منظوری دی گئی، جس کا مقصد گوادر کی ساحلی اور سمندری حیات سے متعلق مخصوص ضروریات کو پورا کرنے میں یونیورسٹی کی وابستگی کو اجاگر کرنا ہے۔

اجلاس میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کے لیے فیکلٹی کونسل اور ریسرچ بورڈ کے لیے فیکلٹی سے ممبران کا انتخاب بھی کیا گیا۔ آخر میں وائس چانسلر نے کونسل کے اراکین کے عزم کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ فیصلے یونیورسٹی آف گوادر کو اعلیٰ تعلیمی معیار اور ان کے سماجی اثرات کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *