اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اپیل پر ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نمازجمعہ کے بعد نماز استسقا ادا کی گئی، اللہ تعالی کے حضور باران رحمت کے نزول کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد،کراچی، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں نمازہ استسقا کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور اللہ تعالی کے حضور گڑگڑا کر موسمی صورتحال سے نجات اور باران رحمت کے نزول کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور استغفار کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت میں مرکزی اجتماع وفاقی دارالحکومت کی فیصل مسجد میں منعقد ہواجس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اجتماعی دعا میں فیملیوں نے بھی شرکت کی۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاھب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی قوم سے نماز استسقا ادا کرنے کی اپیل کر رکھی تھی، اس سلسلہ میں وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام کوہسار بلاک سیکرٹریٹ اسلام آباد کے لان میں نماز استسقا کا ایک اجتماع منعقد ہوا
جس کی امامت اور خطبہ کے فرائض ڈائریکٹر شعبہ تحقیق و مراجع ڈاکٹر شاہد الرحمن نے انجام دیئے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر، وزارت بحری امور، وزارت قومی صحت، وزارت انسانی حقوق، وزارت بین الصوبائی رابطہ و دیگر وزارتوں کے افسران، اہلکار اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مسنون نماز استسقاکے بعد ڈائریکٹر مذہبی امور ڈاکٹر شاہد الرحمن اور مقتدیوں نے تسبیحات اور توبہ استغفار کے بعد خشک سالی، بیماریوں اور سموگ کے خاتمے اور باران رحمت کے نزول کیلئے دعائیں مانگیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نماز استسقا کے اجتماعات مختلف مقامات پر منعقد ہوئے جن میں اللہ کے حضور گڑ گڑا کر موسمی صورتحال سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ فیصل مسجد ، ایوان صدر ، وزیراعظم ہائوس سمیت وفاق کے زیر انتظام تقریبا450 سے زائد مساجد اور کھلے مقامات پر نماز استسقاادا کی گئی۔
صوبوں اور وفاق میں عوام الناس کی بڑی تعداد نے نماز استسقامیں شرکت کی اور اللہ کے حضور باران رحمت کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔
لاہور میں بادشاہی مسجد میں بھی نماز استسقا ادا کی گئی اور باران رحمت کے نزول کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ لاہور کی جامعہ مسجد چوک دالگراں میں باران رحمت کیلئے نماز استسقا کی ادائیگی کا ایک بڑا اجتماع منعقد کیا گیا ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے نماز استسقا پڑھائی۔
جامعہ مسجد چوک دالگراں میں ہزاروں افراد نے ڈاکٹر راغب نعیمی کی امامت میں نماز استسقا ادا کی۔علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بارش کیلئے خصوصی دعا کرائی،نماز کی ادائیگی کے بعد سموگ سے نجات اورماحولیاتی اثرات سے بچائو کیلئے بھی دعا کرائی گئی۔محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام سرگودھا کی مساجد میں بھی نماز استسقا ادا کی گئی اور سب سے بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد اشرفیہ گول چوک سرگودھا میں منعقد ہوا۔
سموگ کے خاتمے اور باران رحمت کیلئے نمازِ استسقا ادا کی گئی۔ نمازِ استسقا کی امامت مولانا قاری حافظ وقار احمد عثمانی نے کرائی۔
پشاور کی مہابت خان مسجد سمیت مختلف شہروں اور قصبوں میں نماز استسقا ادا کی گئی۔ کراچی، حیدرا?باد، سکھرسمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی نماز استسقا کے بڑے اجتماع ہوئے جس میں اللہ تعالیٰ سے باران رحمت کے نزول کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں اور قصبوں میں نماز استسقا ادا کی گئی۔ علما کرام نے عوام پر زور دیا کہ وہ استغفار کریں اور اللہ کی رحمت کے حصول کے لئے نیک اعمال کریں۔
خطبا نے اجتماعی توبہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بارش اللہ کی طرف سے ایک نعمت ہے، جسے صرف اس وقت روکا جاتا ہے جب انسان صراط مستقیم سے بھٹک جاتا ہے۔ ہمیں اپنے اعمال کو درست کرنا ہوگا،
ماحول کے ساتھ اپنے برتائو کو بہتر بنانا ہوگا اور خلوص دل سے اس کی رحمت طلب کرنی ہوگی۔ نمازیوں نے اللہ کے حضور گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں۔ ملک بھر کی مساجد میں علما نے خشک موسم کو ماحولیاتی غفلت سے جوڑتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، پانی کے تحفظ اور درخت لگانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
Leave a Reply