کوئٹہ: کوئٹہ سے اغواء ہونے والے 10سالہ بچے مصور خان کی بازیابی کے لئے احتجاج جاری، بچوں نے ریلی نکالی اور مصور خان کی بازیابی کا مطالبہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو کوئٹہ کے زرغون روڈ پر کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء اور بچوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیاگیا
جس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ کے علاقے پٹیل باغ سے اغواء ہونے والے 10سالہ مصور خان کو فور ی طور پر بازیاب کروانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔
بچوں نے کہا کہ مصور خان کے اغواء کے بعد وہ بھی اسکول جاتے ہوئے خوف وہراس کا شکار ہوتے ہیں ،ریلی کے شرکاء بچوں نے ہاتھوں میں مصور خان کی بازیابی کے لئے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے ۔
دوسری جانب بدھ کو کوئٹہ کے علاقے اتحاد چوک پر سیاسی جماعتوں، تاجروں اور مصور خان کے اہلخانہ کا مشترکہ دھرنا جاری رہا جس میں شہر کے سیاسی، قبائلی، سماجی اور تاجر برداری کے نمائندوں نے شرکت اور اظہار یکجہتی کیا ۔ دھرنے کے باعث کوئٹہ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا
سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جبکہ شہریوں کے چند منٹ کا فاصلہ گھنٹوں میں طے کیا ۔کوئٹہ کے شہریوں نے حکومت سے فوری طورپر مصور خان کی بازیابی اور دھرنے کے خاتمے کے لئے مظاہرین سے مذاکرات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔