|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

کوئٹہ:  نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمدشہی نے لاہور میں نیشنل پارٹی پنجاب کے کارکنوں اور عہدیداران سے ملاقات کی اور پارٹی امور،

ملکی سیاست اور قومی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انہوں نے پارٹی دوستوں کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کی۔

اس دوران گفتگو کرتے ہو ہے میر کبیر محمدشہی نے کہا کہ اس وقت ملک اور عوام کو کئی قسم کے بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے۔

ملکی معیشت کی زبوں حالی کے سبب تمام شعبہ ہائے زندگی متاثر ہیں بالخصوص غریب اور متوسط طبقہ کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کی سکت اور قوت خرید جواب دے چکی ہے۔

مہنگائی، بیروزگاری اور غربت نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب ملک کے آدھے سے زائد حصے میں سیکورٹی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔

بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں شہریوں کی جان و مال غیرمحفوظ ہیں جبکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عام ہیں۔

گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے قائد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ جیسے سینئر اور پرامن جمہوری جدوجہد کرنے والے عوامی رہنما کے فارم ہاوس میں بارودی مواد نصب کیا گیا تھا

جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ملک میں آئین، پارلیمان، جمہوریت اور عدلیہ سمیت ہر ستون بحرانوں کی زد میں ہے جس کے سبب ملک سیاسی، سماجی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔ کسی بھی معاشرے اور نظام میں طاقت کا حقیقی سرچشمہ عوام ہیں مگر ہمارے ملک کے عوام حق حکمرانی سے محروم ہیں۔ عوام سے تعلق رکھنے والے مخلص اور نظریاتی کارکن ہی سماجی تبدیلی کا سب سے بڑا آلہ کار ہیں۔ نیشنل پارٹی سیاسی کارکنوں کی جماعت ہے

اور یہ سیاسی کارکنوں کو سماجی انصاف اور تبدیلی کے لیے منظم اور مستحکم پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ نیشنل پارٹی پنجاب میں وسعت اختیار کر رہی ہے اور نظریاتی کارکن اس کی طرف مائل ہورہے ہیں۔

پنجاب کے کارکنوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پارٹی کا پیغام پنجاب کے ہر شہر اور گاوں تک پہنچائیں۔

جس دن نیشنل پارٹی کے کامریڈوں کو عوام نے نمائندگی کا موقع دیا تو انہیں حقیقی عوام دوست نمائندوں کی اہمیت کا اندازہ ہوگا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کارکن لاہور اور پنجاب میں پارٹی کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرینگے اور اس سلسلے میں پارٹی کی مرکزی قیادت ان سے مکمل تعاون کرے گی۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی پنجاب وحدت کے جنرل سیکرٹری طالب حسین, صوبائی سیکرٹری اطلاعات اقبال کھوکھر, صوبائی سیکرٹری لیبر خضرحیات, نیشنل پارٹی لاہور کے صدر میاں امجد مسعود, جنرل سیکرٹری لاہور رشید لالہ, سینئر نائب صدر لاہور علیم خان, سیکرٹری انٹرفیتھ ہارمنی لاہور فیاض بھٹی اور ڈپٹی سیکرٹری لاہور عبدالجبار ان کے ہمراہ تھے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *