|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2024

کوئٹہ: صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کو لٹل لندن بنانے کے مشن کے تحت صفائی مہم جاری ہے شہر کے مختلف علاقوں میں جدید کوڑے دان بھی نصب کر دیے گئے ہیں۔

کوئٹہ کو صاف ستھرا اور جدید شہر بنانے کے مشن کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کے تعاون سے شہر میں صفائی مہم زور و شور سے جاری ہے۔

کمشنر کوئٹہ ڈویڑن اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقات کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں جدید کوڑے دان نصب کر دیے گئے ہیں۔

کمشنر حمزہ شفقات نے جدید کوڑے دانوں کی تنصیب کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ شہر کو صفائی کے حوالے سے تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق شہر میں روزانہ 1600 ٹن ٹھوس کچرا پیدا ہوتا ہے، جس میں سے 1400 ٹن روزانہ جدید مشینری اور نئی تکنیک کی مدد سے اٹھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ چند ماہ میں شہر سے مکمل کچرا صاف کر لیا جائے گا۔

رکن بلوچستان اسمبلی میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کوئٹہ شہر کی تزئین و آرائش، صفائی، اور صحت مند ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات کوئٹہ کو مسافروں اور مہمانوں کے لیے ایک پرکشش اور صحت افزا مقام بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

کمشنر حمزہ شفقات اور ہاشم خان کی نگرانی میں صفا پروجیکٹ کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے شہریوں، دکانداروں، اور تاجر برادری سے صفائی کی بہتری میں تعاون کی اپیل کی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے 14 اگست کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔

 اس منصوبے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی اور صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور بلیدی نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور کمشنر حمزہ شفقات کی کاوشوں کو سراہا ہے۔