بلوچستان میں موٹر وے کی تعمیر کے حوالے سے ن لیگ کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے 2013ء میں بننے والی اپنی حکومت کے دوران تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں سڑکوں کا جال بچھے، لوگ ناشہ گوادر میں کریں اور دوپہر کا کھانا کوئٹہ میں کھائیں۔
بہرحال بلوچستان میں موٹر وے کی تعمیر کی خواہش کا اظہار اب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی کررہے ہیں۔
گزشتہ روز ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کوئی موٹروے نہیں ہے ،وفاق ہمیں صرف دس کلو میٹر موٹر وے دے دے، ہمارے شہری بھی موٹروے پر سفر کرلیں گے۔
بہرحالبلوچستان میں اس وقت اہم قومی شاہراہیں دو رویہ نہیں خاص کر کوئٹہ تاکراچی جسے خونی شاہراہ کہا جاتا ہے، اس شاہراہ پر ہزاروں افراد سفر کے دوران جان سے گئے ہیں جس کی بڑی وجہ اس شاہراہ کا دو رویہ نہ ہونا ہے۔
اس شاہراہ کو دو رویہ بنانے کا بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے جو کہ جائز ہے کیونکہ اس سے جانی نقصان کم اور ٹریفک حادثات کا سدباب ہوگا۔
بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر سے سفری سہولیات سمیت معاشی حوالے سے بھی مثبت اثرات پڑینگے ،اگر موٹر وے تعمیر کی جائے گی تو یہ بہت بڑا انقلابی اقدام ہوگا جو وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے کیلئے بڑا تحفہ ہوگا کیونکہ سڑکیں معاشی ترقی کا زینہ ہوتی ہیں۔
ٹرانسپورٹ کے ذریعے بڑے کاروبار کے دروازے کھل جائینگے۔
بلوچستان ایک بڑا خطہ ہے مگر بدقسمتی سے اب تک مواصلاتی نظام سے لیکر شاہراہوں کے مسائل اپنی جگہ موجود ہیں جبکہ ملک کے دیگر صوبے پنجاب، سندھ اور کے پی کے میں بہترین شاہراہیں اور موٹر ویز بنائے گئے ہیں مگر بلوچستان پر خاص توجہ نہیں دی گئی البتہ اعلانات اور دعوے ضرور کئے جاتے ہیں حالانکہ بلوچستان میں سی پیک سمیت اہم میگا منصوبوں سے وفاقی حکومت اور دیگر صوبائی حکومتیں مستفید ہورہی ہیں ۔
بلوچستان پر خاص توجہ دینی کی ضرورت ہے ، اگرچہ یہاںوسائل بہت ہیں مگر مسائل بھی سب سے زیادہ ہیں۔
بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ کرنے اور خطے کو خوشحال بنانے کیلئے سب سے پہلے شاہراہوں کو جدید طرز پر تعمیر کیا جائے جس کیلئے وفاقی حکومت کو بلوچستان حکومت کو مکمل سپورٹ کرنا چاہئے۔
امید ہے کہ بلوچستان میں جدید شاہراہیں اور موٹر وے بنانے کیلئے وفاقی حکومت مکمل مالی تعاون کرے گی تاکہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی انقلاب کا خواب پورا ہوسکے۔
بلوچستان میں جدید طرز کی شاہراہیں اور موٹر وے کی تعمیر، سماجی و اقتصادی انقلاب!

وقتِ اشاعت : December 6 – 2024