کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماء عبدالقہار خان ودان ، پاکستان تحریک انصاف کے سردار زین العابدین خلجی ، ملک نوید دہوار، حلقہ پی بی 45 سے پی ٹی آئی کے امیدوار میر لیاقت لہڑی نے پی بی 45 پر پشتونخوا میپ کے امیدوار ملک عبدالمجید اچکزئی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پشتونخوا میپ کے امیدوار کی کامیابی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
پشتونخوا میپ نے پہلے ہی حلقہ این اے 262 پر پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرچکی ہے۔
یہ بات انہوں نے سوموار کو کوئٹہ پریس کلب میں صوبائی قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی 45 پر پی ٹی آئی امیدوار میر لیاقت لہڑی پشتونخوا میپ کے امیدوار مجید خان اچکزئی کیلئے ورک کرکے ان کی کامیابی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے کیونکہ سابق دور میں 2 مرتبہ پشتونخوا میپ اس نشست پر کامیابی حاصل کرچکی ہے۔
اس دفعہ کامیابی مقدر ہوگی۔
فارم 47 اور 45 میں ردوبدل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور الیکشن کی کڑی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئین سے انحراف کرکے جعلی نمائندوں کو اقتدار دے کر ملک کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار بنادیا گیا ہے۔
آئین تحفظ پاکستان کا بنیادی مقصد ہے، آئین کو بچانا ہے۔
آئین سے متصادم فیصلے ملک کے نقصان کا باعث بنیں گے۔
زر اور زور پر جعلی نمائندوں کو اقتدار سونپنے سے ملک تنزلی کی طرف رواں دواں ہے۔
تمام اقوام کو ان کے ساحل و وسائل پر اختیار دیا جائے، قبضہ گیری کے ذریعے ان کے آبا اجداد کی زمینیں دوسروں کے نام پر منتقل کرنے سے مسائل مزید گھمبیر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان ملک کے مقبول لیڈر ہیں، ڈی چوک پر پرامن احتجاج پر فائرنگ کی گئی اور اپنے قائد کی رہائی کیلئے پر امن احتجاج کرنے والوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
اور بعد میں ڈی چوک پر فائرنگ سے شہید ورکروں کے لواحقین کو تعزیت لینے سے روک دیا گیا۔
پشین مسجد میں بوٹوں کے ساتھ گھس کر تعزیت کرنے والوں کو نکال کر مہمانوں کی گاڑیوں کو قبضے میں لیکر انہیں ناکارہ کرکے دے دیا گیا جوکہ قابل مذمت ہے۔
ایک بچہ اغواء ہوا ہے، تمام ادارے اس کی بازیابی میں ناکام ہوچکے ہیں لیکن عمران خان کے سپاہیوں پر گھیرا تنگ کرکے انہیں لاپتہ کیا جارہا ہے۔
ریاست ماں ہوتی ہے لیکن پی ٹی آئی والوں کے خلاف سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا گیا ہے۔
ہم نے ہمیشہ اداروں کی حمایت کی ہے لیکن ادارے اپنے دائرے میں رہیں۔
پی ٹی آئی کے ساتھ آئین و قانون کے ساتھ آئین و قانون سے ہٹ کر برتائو کرکے ان پر احتجاج اور پریس کلب کے دروازے بھی بند کرکے انہیں دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
عوام کی آواز کو اس طرح کی حرکتوں سے روکنا نا ممکن ہے۔
عبدالقہار خان ودان نے تحریک انصاف کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی پشتونخوا میپ کی ہوگی۔
ہم نے حلقہ این اے 262 میں کاغذات جمع نہیں کرائے اور یہ سیٹ پی ٹی آئی کا حق ہے۔
اس کیلئے بھی اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور گھر گھر جاکر کامیابی کیلئے کردار ادا کریں گے۔