|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2024

سوئی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیر کے روز ایک روزہ دورے پر سوئی پہنچ کر سوئی میونسپل کمیٹی کے نئے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی سوئی عزت اللہ بگٹی اور علاقائی عمائدین نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کی فعالیت کو بہت اہمیت دیتی ہے اور اسی مقصد کے تحت بلدیاتی اداروں کے فنڈز میں غیر معمولی اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلدیاتی ادارے فعال کردار ادا کریں تو عوام کو صوبائی دارالحکومت آکر اپنے مسائل حل کرانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ عوام کے بیشتر مسائل مقامی سطح پر ہی ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فعال بلدیاتی ادارے صوبائی مشینری پر غیر ضروری دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی سطح پر عوامی مسائل حل کرنے سے حکومتی وسائل کا استعمال مؤثر اور بہتر طریقے سے ہو سکے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو چیئرمین میونسپل کمیٹی سوئی عزت اللہ بگٹی نے سوئی کی یادگار پیش کی۔

وزیر اعلیٰ نے سوئی ٹان میں جامع صفائی مہم کے لیے میونسپل کمیٹی سوئی کو ایک کروڑ روپے گرانٹ دینے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے ایک فائر بریگیڈ، دو ڈمپنگ ٹرک اور تین لوڈرز کی فراہمی کے احکامات بھی جاری کیے۔ وزیر اعلیٰ نے سوئی کیڈٹ کالج کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ نے یہ احکامات پیر کو سوئی کے دورے کے دوران، کیڈٹ کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اور میونسپل کمیٹی سوئی کے دورے کے دوران جاری کیے۔ اس موقع پر، ٹان کمیٹی سوئی کے چیئرمین عزت اللہ بگٹی اور اہلیان علاقہ نے وزیر اعلیٰ کے اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی بھرپور تائید کی۔