گوادر: جامعہ گوادر میں ایچ ای سی-نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن (NAHE) کے زیر اہتمام پانچ روزہ اسکل بلڈنگ تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
اختتامی تقریب سی پیک اسٹڈی سنٹر کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد نے کی، اور اس میں مختلف تعلیمی و انتظامی شخصیات نے شرکت کی۔
ویڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ڈائریکٹر محترمہ آمنہ نور ملک نے بھی پروگرام میں حصہ لیا اور شرکاء کو اس تربیت میں سیکھی گئی مہارتوں کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ شیئر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ تربیتی پروگرام بلوچستان کی یونیورسٹیوں کے انتظامی عملے کے لیے جامعہ گوادر میں منعقد ہونے والا دوسرا صلاحیت سازی پروگرام تھا، جس میں مالیاتی انتظام پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سابق ڈپٹی گورنر قاضی عبدالمقتدر نے خصوصی سیشنز کی قیادت کی۔ اختتامی تقریب کے دوران شرکاء کو اسناد سے نوازا گیا تاکہ ان کی فعال شرکت اور تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل کا اعتراف کیا جا سکے۔