بلوچستان کا پورٹ سٹی گوادر پاکستان سپر لیگ کے 10 ویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز کرنے والی یہ تقریب 11 جنوری 2025ء بروز ہفتہ ہو گی۔
گوادر کو اس حوالے سے منتخب کرنے کا فیصلہ صوبے کے اس حصے کے لوگوں میں مقبول کھیل کو لے جانے اور آنے والی نسل کو کرکٹ کو ایک پیشہ ور کھیل کے طور پر اپنانے کی ترغیب دینے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ گوادر اپنی شاندار ساحلی پٹی اور اسٹریٹجک اہمیت کے ساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کے دل کی حیثیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کر کے ہمارا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، ساتھ میں ہماری قوم کو متحد رکھنے والے کرکٹ کے کھیل کا جشن بھی منانا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ میں 11 جنوری کو خوبصورت شہر گوادر میں تمام فرنچائزز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا خیر مقدم کرنے کا منتظر ہوں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ مجھے گوادر کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پلیئر ڈرافٹ کے میزبان شہر کے طور پر اعلان کرنے پر بہت فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایچ بی ایل پی ایس ایل کی رسائی کو پاکستان کے کونے کونے تک پھیلانے اور پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے دکھانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
Leave a Reply