|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2024

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف بیان دینے والے پاکستان کے لیے فکر مند نہیں، بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان صرف بہانہ ہیں، اصل میں میزائل پروگرام نشانہ ہے، سیاسی کٹھ پتلیاں ملک کے ایٹمی اثانوں پر سودا کرنے کو بھی تیار رہتی ہیں۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے گاؤں گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے 30 سال تک سیاسی جدوجہد کی، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ملک کی عوام کی حقیقی نمائندہ تھی، انہوں نے پاکستان اور عوام کے خاطر جدوجہد کی اور جام شہادت نوش کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بی بی کو شہید کرنے والے لوگوں کی غلط فہمی تھی کہ ان کی غیر موجودگی میں پورے پاکستان کی تمام حقیقی آوازیں ہمیشہ کے لیے دب جائیں گی اور ملک میں صرف سیاسی کٹھ پتلیاں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ تمام ملکی مفاد کو پرے رکھ کر ہر قسم کی سودے بازی کے لیے تیار ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کو صرف اسلام آباد میں کرسی پر بیٹھنے کا شوق ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کو ہر قسم کے مسائل کا سامنا ہے، مستقبل میں اندرونی اور بیرونی امتحان آنے والے ہیں، ان تمام مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا ہونا پڑے گا۔