|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2024

تربت:نیشنل پارٹی ملک آباد کے یونٹ سیکرٹری، محمد اقبال بلوچ کی قیادت میں ایک وفد نے نیشنل پارٹی سنٹرل کمیٹی کے رکن، واجہ ابوالحسن بلوچ کے فارم ہاؤس میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان اسمبلی کے رکن، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے ایم این اے پھلین بلوچ اور واجہ ابوالحسن بلوچ بھی موجود تھے۔محمد اقبال بلوچ نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ایم این اے پھلین بلوچ کو اپنے محلے کے اجتماعی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جامع مسجد ملک آباد زیر تعمیر ہے اور اس کی تعمیر و تکمیل کے لیے خطیر رقم کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جامع مسجد ملک آباد کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسجد کی تعمیر کا تخمینہ فراہم کیا جائے تاکہ اسے آئندہ بجٹ کی اسکیم میں شامل کیا جا سکے۔اس کے علاوہ، ملک آباد میں DSL کے مسئلے پر ایم این اے پھلین بلوچ نے موقع پر ہی ریجنل منیجر حاجی سعیداللہ کو فون کرکے مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ حاجی سعیداللہ نے یقین دلایا کہ ایک یا دو دن میں DSL کا مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس موجود وسائل عوام کے ہیں، اور یہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کیے جائیں گے۔آخر میں، وفد کے ارکان، جن میں محمد اقبال بلوچ، راجد مراد، محمد یعقوب، قادر بخش، محمد مراد اور منصور منظور شامل تھے، نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، پھلین بلوچ اور واجہ ابوالحسن بلوچ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔