|

وقتِ اشاعت :   2 days پہلے

بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے بوستان میں لیویز فورس نے کارروائی کرتے ہوئے مار خور کے غیر قانونی شکار میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ملزمان کے قبضے سے مردہ مار خور بھی برآمد ہوا ہے۔

 محکمہ جنگلی حیات کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نیاز کاکڑ کا کہنا ہے کہ لیویز فورس نے ضلع پشین کے علاقے بوستان میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے مردہ مارخور برآمد کرلیا۔

نیاز کاکڑ کے مطابق گرفتار ملزمان اظہار خان ، مصور خان اور صدام خان نے بوستان میں انڈسٹریل زون کے عقب میں واقع تکتو کے علاقے میں مارخور کا شکار کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں ملزمان کو 10 لاکھ روپے یا زائد کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارخور کے شکار کی صرف ٹرافی ہنٹنگ کے ذریعے اجازت ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ملک میں ٹرافی ہنٹنگ کی سب سے بڑی بولی چترال میں لگائی گئی تھی، جس میں امریکی شہری نے ساڑھے 7کروڑ روپے میں ایک مارخور کا شکار کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ٹرافی ہنٹنگ کے تحت گزشتہ سال 2 مارخوروں کے شکار کی اجازت دی گئی، ان میں سے ایک شکار 3کروڑ جبکہ دوسرا دو کروڑ روپے میں کیا گیا تھا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *