|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2025

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکہ ، 5اہلکار شہید ایس ایس پی سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ اور ان کے اہلخانہ سمیت 32افراد زخمی ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق اتوار کی شا م تربت کے نواحی علاقے ڈنک میںسیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو تربت لیکر جانے والی بس کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5اہلکار شہید جبکہ 32 افراد زخمی ہوگئے ۔زخمی ہونے والوں میں ایس ایس پی سیریس کرائمز انوسٹی گیشن ونگ ذوہیب محسن ان کے خاندان کے 6 افراد، بس میں سوار اہلکار اور 10 راہگیر شامل ہیں ۔

حکام کے مطابق ذوہیب محسن فیملی کے ہمراہ دھماکے کے وقت جائے وقوعہ سے گزررہے تھے کہ ان کی گاڑی بھی زد میں آگئی۔ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد دھماکے کی نوعیت کا تعین شروع کردیا گیا ۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے

جہاں متعدد زخمیوںکی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ حکام کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی ۔دوسری جانب دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے دھماکے کے وقت سڑک پر گاڑیوں اور مسافر بسوں کی آمد ورفت جاری تھی اسی دوران ایک بس کے قریب دھماکے کے بعد آگ بھڑکتی بھی دیکھی جاسکتی ہے۔