بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اوربرف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ زیارت، کان مہترزئی، مستونگ میں برف باری کے بعد سردی بڑھ گئی۔ وادی کوئٹہ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برف باری کا سلسلہ 5 جنوری تک جاری رہے گا۔ بارش اوربرف باری سے شدید سردی کے دوران گیس لوڈ شیڈنگ زوروں پر ہیجس کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کہیں گیس بالکل غائب ہے تو کہیں انتہائی کم پریشر کیساتھ وقفے وقفے سے گیس فراہم کی جارہی ہے۔خواتین، بچوں اور بزرگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ہوٹلوں میں بھی گیس کے کم پریشر کی وجہ سے مسافروں کو دشواری کا سامنا ہے اور ہوٹل مالکان و گھریلو صارفین مہنگے داموں ایل پی جی سلینڈرز کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ گیس بلز کی ادائیگی کے باوجود صارفین کو گیس فراہم نہیں کی جارہی ، گھریلو صارفین مہنگے داموں لکڑی یا ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ عوام کی جانب سے گزشتہ ایک دہائی سے مسلسل شکایات اور متعدد سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے باوجود گیس کا مسئلہ حل نہ ہو سکا،کوئٹہ شہر سمیت دیگر سرد اضلاع میں سوئی گیس پریشر میں کمی کے خلاف شہریوں کی جانب سے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا مگر سوئی گیس کمپنی کے حکام اور انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہور ہے۔ بلوچستان سے نکلنے والی گیس سے دیگر صوبوں کے بڑے شہر اور صنعتیں مستفید ہورہی ہیں مگر بلوچستان کے عوام اپنے ہی وسائل سے بالکل محروم ہیں خاص کر موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گیس غائب ہو جاتی ہے، شدید سردی سے بچاؤ کیلئے لوگ متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں،
ضعیف العمر افراد اور بچے شدید سردی کے دوران مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ سوئی گیس کمپنی کی ہٹ دھرمی کے خلاف بلوچستان کے منتخب نمائندگان اسمبلی فلور پر بھی متعدد قراردادیں سوئی گیس کی عدم فراہمی کے خلاف پیش کرچکے ہیں مگر سوئی گیس کمپنی پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا، سوئی گیس ایم ڈی کی طلبی بھی کی گئی اس کے باوجود گیس فراہمی کا دیرینہ مسئلہ اب تک حل نہیں ہوا ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کے سامنے اس اہم مسئلے کو اٹھانا ضروری ہے، وزیراعظم، وفاقی وزیر توانائی کو آگاہ کیا جائے کہ بلوچستان میں شدید ٹھنڈ کے دوران بھی گیس فراہم نہیں کی جارہی جبکہ سوئی گیس دیگر صوبوں میں باقاعدگی کے ساتھ فراہم کی جارہی ہے ،اس زیادتی اور ظالمانہ عمل کو روکا جائے بلوچستان میں نہ صرف گیس کی فراہمی مستقل بنیادوں پر یقینی بنائی جائے ساتھ ہی گیس کنکشن بھی شہریوں کو دیا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام اپنے ہی وسائل سے محروم نہ ہوں خاص کر سرد موسم کے دوران گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
Leave a Reply