کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمٰن رفیق، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محمد ایوب، مولانا خدائے دوست، حافظ مسعود احمد، سیکرٹری اطلاعات عبد الغنی شہزاد حافظ شبیر احمد مدنی، حافظ سراج الدین، حاجی ولی محمد بڑیچ، میر اسحاق، ذاکر شاہوانی عبد الصمد حقیار مولانا خلیل احمد آخوند زادہ مولانا محمد عارف شمشیر مولانا محمد شعیب جدون اور دیگر رہنماؤں نے حلقہ پی بی 45 میں چوتھے نمبر پر آنے والے امیدوار کی جیت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جمہوریت کے ساتھ کھلا مذاق اور عوامی رائے پر ڈاکا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ اس طرح کے نتائج جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہیں اور ایسے اقدامات ملک میں عوام کے اعتماد کو تباہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جمہوری نظام کو یرغمال بنانے والے اور عوام دشمن عناصر حالات کی خرابی کے براہ راست ذمہ دار ہوں گے۔رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت اور الیکشن صرف ایک ڈھونگ بن چکا ہے، جسے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کو ان عوام دشمن عناصر سے پاک کیا جائے اور شفافیت اور انصاف پر مبنی نظام قائم کیا جائے، جمعیت علماء اسلام کے ساتھ دھوکہ دہی پر عوام اور کارکنان اپنے حق کے تحفظ کے لیے میدان میں نکلنے کے لیے قائدین کے حکم کے منتظر ہوں گے۔
Leave a Reply