|

وقتِ اشاعت :   22 hours پہلے

کو ئٹہ: جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس ضلعی سیکرٹریٹ میں زیر صدارت ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق منعقد ہوا۔

 اجلاس میں حلقہ پی بی 45میں مبینہ دھاندلی، نتائج میں تبدیلی، اور کل ہونے والی پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے مختلف پوائنٹس پر پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

یونٹوں کے ذمہ داران کو سختی سے تاکید کی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ پوائنٹس پر کارکنوں کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور ہڑتال کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کریں۔اجلاس میں مجلس عاملہ کے اراکین مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا عبدالاحد، مولانا خدائے دوست، مولانا محمد ایوب، حافظ دوست محمد مینگل، حافظ مسعود احمد، حافظ بشیر احمد لالا، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی ولی محمد بڑیچ، حافظ سراج الدین، حاجی محمد شاہ لالا، مولوی سعد اللہ آغا، عبدالصمد حقیار، مولانا جمال الدین حقانی، مولانا نور محمد، مولانا نذیر احمد مشوانی، میر حفیظ الملک مینگل، حاجی عطا محمد شمشوزئی، مفتی رشید احمد حقانی، مولانا خلیل احمد اخند زادہ، حافظ عبدالقادر مندوخیل، پیر زین الدین، حاجی سعد اللہ ہنوی، مفتی محمد ابوبکر، مولانا محمد شعیب جدون، مولانا نقیب اللہ ملاخیل، حاجی منظور احمد بازئی، مولانا الطاف شاہ، مولوی محمد عیسی اسعد، مولوی عبدالمنان اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ عوام نے جمعیت علما اسلام کے امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کرکے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے، اور جمعیت ان کی حمایت پر شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدترین دھاندلی پر شرمندہ ہونے کے بجائے سینہ زوری کرنا انتہائی افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔ شہدا جمہوریت کے جانشین پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے سینے میں چھرا گھونپ کر جمہوریت کا جنازہ نکالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زر اور زور کی بنیاد پر عوامی رائے پر ڈاکہ ڈالنے والے قومی مجرم ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنا کر ان راہزنوں کے ظالمانہ اور جابرانہ طرز عمل کو مسترد کریں۔ انہوں نے کارکنوں کو تاکید کی کہ ہڑتال کے دوران اخلاقیات اور شائستگی کا مظاہرہ کریں تاکہ عوام کو ایک مثبت پیغام پہنچایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *