|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

کوئٹہ:  بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میرلشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی اورعروج میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، قومیں اپنے اصولوں کا تعین کرکے منزل کی طرف بڑھتی ہیں، 

بلوچستان کو ایک ایسی منظم علمی و سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے جس کے اہداف کا تعین علم و شعور کی بنیاد پر ہو، صوبے کے طول وعرض میں کتب میلے ایک سنجیدہ علمی جدوجہد کا آغاز،غیر نمائندہ حکومت رکاوٹیں حائل کرکے بلوچستان کے لوگوں پر علم کے دروازے بند کرنا چاہتی ہے،

یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان پیس فورم کے زیراہتمام جاری کتاب دوست تحریک کے رضاکاروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کو ایک ایسی منظم علمی و سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے جس کے اہداف کا تعین علم و شعور کی بنیاد پر ہو،

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پیس فورم نے بلوچستان کے شہری و دور افتادہ علاقوں کے تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی لائبریریوں کو 60 ہزار سے زائد کتابوں کے تحفے دیئے ہیں، تحریک میں شریک سیاسی کارکنوں اور کتابیں عطیہ کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ اگر غور کیا جائے تو صوبے کے طول وعرض میں نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت کتب میلے منعقد کررہے ہیں جن میں صوبے کے نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہورہے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ ایک بڑی سنجیدہ علمی جدوجہد کا آغاز ہوا ہے جس سے صوبہ کا مستقبل تابناک و خوشحال ہوگا،

علم ہی کے ذریعے ہمارئے مستقبل کا تعین ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں غیر نمائندہ حکومت صوبے کے اکثر اضلاع میں ہونے والے کتب میلوں کے انعقاد میں وہاں کی ضلعی انتظامیہ کے ذریعے رکاوٹیں حائل کرکے نوجوانوں کی حوصلہ شکنی اور بلوچستان کے لوگوں پر علم کے دروازے بند کرنا چاہتی ہے،

اس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ بلوچستان میں جاری کتاب دوست تحریک کی جدوجہد کو آگے لیکر بڑھیں اور ایک نئے جذبہ کے ساتھ بلوچستان کے مستقبل کا تعین شعوری و علمی بنیاد پر کرکے اجتماعی قومی، علمی نظم کی بنیاد رکھیں

تاکہ ہماری آئندہ نسلیں لوٹ مار، کرپشن، دھوکہ دہی اور شارٹ کٹ کے تحت ذاتی اہداف حاصل کرنے والوں کا راستہ روکیں،قوموں کی ترقی اورعروج میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، قومیں اپنے اصولوں کا تعین کرکے منزل کی طرف بڑھتی ہیں۔

 

 

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *