اسلام آباد : وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حب اور لسبیلہ کی ترقی میں جام خاندان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، ماربل سٹی اور شپ بریکنگ انڈسٹری بلوچستان میں معاشی ترقی کے لئے جام خاندان کے منصوبے ہیں اس کے علاوہ حب ڈیم اور حب انڈسٹریل زون بھی عوامی خدمت کے لئے شروع کئے گئے۔
جمعہ کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے حب جلسے میں بیان پر ردعمل میں کہا کہ حب شہر کا صنعتی علاقہ جام خاندان کی ذاتی زمین پر قائم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے حقائق کو نظر انداز کرنا درست نہیں، عوامی خدمات سب کے سامنے ہیں،حب پاور پروجیکٹ اور BOSICOR آئل ریفائنری بھی جام خاندان کی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
جام کمال نے کہا کہ ہر حکومت کو حب اور لسبیلہ کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہئیں،اگر بعد کی حکومتیں جام خاندان کے منصوبوں کی حفاظت نہ کر سکیں تو اس میں جام خاندان کا کیا قصور ہے۔
انہوں نے کہا کہ جام غلام قادر کی قیادت میں ریاست لسبیلہ کو پاکستان کا حصہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حب اور لسبیلہ کے عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح رہی ہے،حب اور لسبیلہ کی ترقی کے لیے مزید تعاون اور تسلسل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ کو نظر انداز نہ کریں، خدمات کے حقائق کو تسلیم کریں،حب شہر کی ترقی عوامی خدمت کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
Leave a Reply