|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2025

کوئٹہ : کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔ زیارت اور قلات میں منفی سات جبکہ کوئٹہ میں منفی چار سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوبے کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹے تک گرج چمک اور تیزہواوں کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اٹھارہ جنوری سے مغربی ہوائیں شمال مغربی بلوچستان میں داخل ہوں گی ۔

جس کے باعث اٹھارہ سے بیس جنوری کے دوران کوئٹہ ، زیارت ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ ،  چاغی ، نوشکی ، قلات ، بارکھان ، خضدار ، ہرنائی ، ژوب اور موسی خیل میں تیزہواوں اور جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے علاقے خاران ، پنجگور، اور گوادر میں بھی تیز بارش ہوگی ۔ماہرین کا بتانا ہے کہ چاغی ، نوشکی ، خاران ، پشین ، قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں درمیانی بارش کے باعث فلڈنگ کا اندیشہ ہے۔

اس دوران سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ بھی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں جانے والے افراد اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی سات سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے چار درجے نیچے گرا ہوا ہے۔