|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

بالائی بلوچستان میں برفانی طوفان نے قہر ڈھا دیا۔ کوئٹہ، چمن، درہ کوژک، قلعہ عبداللہ اور زیارت سمیت کئی مقامات پر برفباری اور بارش ہوئی، زیارت شہر میں رات سے اب تک تین انچ برف پڑچکی ہے اور کئی سڑکیں بند ہوکر رہ گئی ہیں۔ این پچیس چمن، کوئٹہ، کراچی شاہراہ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

برفانی طوفان کے باعث کوژک ٹاپ میں روڈ کلئیرنس آپریشن بھی معطل ہوگیا ہے۔ جس سے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے آمدورفت معطل ہوکر رہ گئی اور کئی گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں۔

شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا اور چمن میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا، کئی شہروں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد اور خشک رہے گا، کراچی میں بھی ٹھنڈی ہوائیں اسپیڈ پکڑ گئی ہیں، پنجاب میں دھند کا راج ہے اور موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

شمالی علاقہ جات میں بھی پہاڑوں پر برفباری سے سفیدی چھائی ہے، سوات کے میدانی علاقوں میں موسم ابرآلود ہے اور آسمان پرکالے بادل چھائے ہوئے ہیں، جبکہ پہاڑوں پر برفباری کے بعد ہرسو سفیدی چھائی ہوئی ہے۔

آزاد کشمیرکےبالائی علاقوں وادی نیلم، وادی لیپہ، گنگا چوٹی اور تولی پیر میں کہیں بارش اورکہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

باغ شہرمیں بھی پہاڑی علاقوں میں گزشتہ روز کی برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *