|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

کوئٹہ /کراچی: بلوچستا ن سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال کاکڑ اور سی ای او عبدالکبیر زرکون سے ریجنل آفس کراچی میں جان ایف کینیڈی سینٹر سے صدارتی مشاورتی کمیٹی برائے آرٹس (PACA) کے رکن شاہد احمد خان نے ملاقات کی۔

بلوچستان سرما یہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر زرکون نے زوم کے ذریعے آن لائن میٹنگ میں شرکت کی۔

انہوں نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے موزوں شعبوں سے متعلق بریفنگ دی اور اقتصادی ترقی اور ترقی کے مواقع پر زور دیا۔

ملاقات میں کانوں اور معدنیات کے لیے زلزلے سے متعلق سروے پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے غیر استعمال شدہ وسائل کی شناخت میں ان کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر گوادر فری زون تک رسائی، سیکورٹی خدشات، نامیاتی کپاس کے مواقع، حلال گوشت کی برآمد اور امریکہ اور بلوچستان کے درمیان تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی بلوچستان کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین اورسرمایہ کاروں کی منزل بنانے کیلئے واضح وڑن رکھتے ہیں۔

ہم چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار بلا خوف وخطر یہاں بزنس کریں اور بلوچستان و پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اپنے طور پر سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کو آسان بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاربلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے اپنی خواہش کااظہار کر رہے ہیں اوربہت جلد بڑے پروجیکٹس یہاں شروع ہونگے جن سے ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *