کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان غوریزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کے مطابق بارش اور برفباری کے دوران عوام کی سہولت کے لئے قومی شاہراہوں پر ٹریفک کو بحال رکھنے کے لئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عملے کے ہمراہ سڑکوں سے برف ہٹانے کے لئے جامع آپریشن کیا تاکہ شدید سرد موسم کے دوران عوام کو مشکلات سے چھٹکارا دلایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے آپریشن کی نگرانی کی اور تمام دستیاب وسائل کے استعمال پر زور دیا تاکہ خلل سے بچا جا سکے اور خطرات کو کم کیا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کے سینئر افسران نے آپریشن کی قیادت کی، جن میں ڈائریکٹر (ریلیف)عطا اللہ مینگل، ڈائریکٹر (ایڈمن) فیصل پانیزئی، ڈائریکٹر(ریسکیو)ظہیر احمد بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمن و ریلیف)فیصل طارق خان، اور ڈپٹی ڈائریکٹر (ریسکیو)اصغر علی جمالی سمیت دیگر ٹیم شامل تھی۔آپریشن کے دوران کلیدی علاقے جیسے قلعہ عبداللہ تا چمن، زیارت کراس تا مسلم باغ، ہزار گنجی(کوئٹہ)تا لکپاس مستونگ ، دشت تا کولپور، اور ہنہ اوڑک کے علاقوں کو خصوصی طور پر ہدف بنایا گیا۔
حساس علاقوں میں وسائل کو حکمت عملی کے تحت بروئے کار لایا گیا، اور ٹیموں نے 12 گھنٹوں سے زیادہ مسلسل کام کر کے سڑکوں کو صاف کیا اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا۔
سخت موسمی حالات کے باوجود، پی ڈی ایم اے کی مربوط کوششوں نے بڑے حادثات کو روکنے میں اپنا کردار ادا کیا ڈرائیوروں کی غفلت کے سبب معمولی حادثات کی اطلاع ملی، لیکن کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔وزیر اعلیٰ کی فعال نگرانی، پی ڈی ایم اے کی ٹیم کی محنت اور اس آپریشن میں شامل دیگر متعلقہ گروپس کی کاوشوں نے علاقے میں رسائی اور حفاظت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ آپریشن عوامی فلاح و بہبود اور آفات سے نمٹنے میں حکومت کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔
Leave a Reply