کوئٹہ :بلوچستان حکومت اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد طبی خدمات کی بحالی اور ہڑتال کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا ہے
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں اور آئندہ ہر قسم کی ہڑتال اور احتجاج سے اجتناب کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے
انہوں نے بتایا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ثالثی کا کردار ادا کیا یہ واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، اور معزز عدالت عالیہ کے احکامات پر ہر صورت عمل ہوگا
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ عام آدمی کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں ترجمان نے کہا کہ محکمہ صحت میں جاری اصلاحات وسیع تر عوامی مفاد میں ہیں اور ان کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھا جائے گا
حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کو عوامی خدمت کے مثالی مراکز بنایا جائے گا محکمہ صحت کے وسائل غریب عوام کی امانت ہیں، اور ان کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا ترجمان نے کہا کہ آئندہ کسی بھی خلاف قانون ہڑتال یا اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا حکومت اپنی رٹ قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے، اور سرکاری ادارے آئین و قوانین کے تحت چلائے جائیں گے
بلوچستان حکومت نے طبی عملے کے جائز مطالبات کے حل کے لیے مربوط طریقہ کار اپنانے کا اعلان کیا ہے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ عوامی مشکلات کے احساس کے پیش نظر طبی خدمات کی معطلی ناقابل برداشت ہے اور سرکاری اسپتالوں میں بلا تعطل طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت بلوچستان کے عوامی خدمت کے عزم کو اجاگر کرتے ہیں اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کی تکمیل کے لیے حکومت کے سنجیدہ ارادے کو ظاہر کرتے ہیں۔
Leave a Reply