گوادر؛ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے)شفقت انور شاہوانی نے گوادر پریس کلب کا دورہ کیا،
جہاں پریس کلب کے صدر اسماعیل عمر، کابینہ کے اراکین اور دیگر صحافیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافت کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے گوادر پریس کلب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ گوادر کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اور جی ڈی اے پریس کلب کی بلڈنگ، صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور دیگر ضروریات کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
ڈی جی جی ڈی اے نے کہا کہ گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان پر عملدرآمد بھرپور طریقے سے جاری ہے۔
منصوبے اب دوسرے مرحلے (2025-2035) میں داخل ہو چکے ہیں، جبکہ پہلے مرحلے (2019-2025) کے زیادہ تر منصوبے کامیابی سے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ موجودہ مرحلے میں کئی اہم اور معاشی منصوبے شامل ہیں جو گوادر کو عالمی سطح پر ایک بڑا معاشی اور سیاحتی مرکز بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجود جی ڈی اے گوادر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل علاقے میں ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔
شفقت انور شاہوانی نے بتایا کہ جی ڈی اے اس وقت اولڈ ٹان کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے،
جو مقامی آبادی کی معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کے تحت تعلیمی اداروں، صحت، سیوریج، ڈرینیج، کھیل کے میدان، قبرستان، عیدگاہ، اور قدیم ثقافتی ورثے کی بحالی پر کام جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے چند سالوں میں اولڈ ٹان کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے ہیں۔
ان منصوبوں کو وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے، اور ان کی معیار اور پائیداری کو یقینی بنایا گیا ہے۔پریس کلب کے سینئر اراکین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جی ڈی اے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ جی ڈی اے کی کاوشوں کے باعث گوادر ترقی کی جانب گامزن ہے۔
مقامی افراد کو تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، پانی، ماہی گیری، کھیل کے میدان اور دیگر شعبوں میں براہ راست فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔پریس کلب کے عہدیداران نے جی ڈی اے کے ساتھ تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ جہاں تنقید ضروری ہوگی، وہ ضرور کی جائے گی،
لیکن مثبت اقدامات کو بھی عوام تک پہنچایا جائے گا۔یہ ملاقات گوادر کی تعمیر و ترقی میں میڈیا اور جی ڈی اے کے مشترکہ عزم کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
Leave a Reply